اسلام آباد

آرمی چیف کو ضمانت دے چکا ہوں کہ خیبر پختونخوا فاٹا کو سنبھال لے گا، پرویز خٹک

اسلام آباد: وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے فاٹا میں ایف سی آر کا قانون ختم کرکے 2018ء میں ہی فاٹا کو خیبر پختونخوا میں انضمام کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف سی آر کا کالا قانون انگریزوں نے اپنے مقاصد کے تحت نافذ کیا تھا۔ سفید انگریز تو چلے گئے مگر بد قسمتی سے ہم پر کالے انگریز مسلط ہوگئے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا فیصلہ ہوچکا ہے مگر وفاق عمل درآمد میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے۔ اس سلسلے میں ان کی نیت اور ارادہ صاف نظر نہیں آتا، ہم نے فاٹا اور خیبر پختونخوا کے انضمام سے متعلق فیصلے کو وزیراعظم کی بغل سے نکال کر عمل درآمد کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آرمی چیف کو ضمانت دے چکا ہوں اور آج بھی ضمانت دیتا ہوں کہ خیبر پختونخوا فاٹا کو سنبھال لے گا۔ انضمام کی صورت میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی، ہمارے محکمے پہلے سے فاٹا میں موجود ہیں صرف 3 محکموں پولیس، ریونیو اور جوڈیشری کو توسیع دینی ہے۔ چند ڈاکہ زنوں اور مفاد پرستوں کے علاوہ کوئی بھی انضمام کے خلاف نہیں، مگر ہم مفاد پرست عناصر کو شکست دیں گے اور قبائلی عوام کے حقوق کے دفاع کیلئے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے۔ وزیراعلٰی نے مزید کہا کہ قبائل سے ہمیشہ ظلم ہوتا آرہا ہے اُنہوں نے بڑی مشکلات دیکھی ہیں اور قربانیاں دی ہیں، ہم مزید اُن کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close