اسلام آباد

پاکستان مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اصول کی بنیاد پر ووٹ دے گا، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ آزادی کی کوئی قیمت نہیں ہوتی اور پاکستان اقوام متحدہ میں مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے میں اصول کی بنیاد پر ووٹ دے گا۔ اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کی قومی سلامتی پالیسی میں الزامات کو مسترد کرتا ہے، امریکی الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں جس کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف گراں قدر قربانیاں دیں اور دہشتگردوں کےخلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی گئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے جنرل اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے مخالفت میں ووٹ ڈالنے والے ممالک کو پیشگی دھمکی دی ہے جوجمہوریت کی توہین ہے، پاکستان مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اصول کی بنیاد پر ووٹ دے گا، آزادی کی کوئی قیمت نہیں، پاکستان مقبوضہ بیت المقدس پر اسلامی تعاون تنظیم کے اعلامیہ کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور رواں ہفتے بھی وادی میں 3 بےگناہ کشمیریوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا، سیکڑوں شہری زخمی ہیں جبکہ حریت رہنماؤں کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حریت رہنما شبیرشاہ کو گرفتار کرنا اور انہیں غیرمحفوظ جیل میں رکھنا سراسر زیادتی ہے، ہم نے شبیرشاہ کی جیل سے منتقلی کے لئے متعدد درخواستیں بھی دیں لیکن کوئی عملدرآمد نہیں ہوا عالمی برادری حریت رہنما کی رہائی کے لئے آواز اٹھائے۔
ترجمان نے بتایا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کی پھانسی پر عملدرآمد کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، بھارتی جاسوس کی والدہ اور اہلیہ کو اسلام آباد کا ویزہ جاری کردیا گیا ہے اور وہ دونوں فضائی سفر کے ذریعے پاکستان آئیں گی جبکہ ملاقات دفترخارجہ میں ہوگی۔ کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کو میڈیا کرنے کی آزادی ہوگی۔ وہ میڈیا پر اپنا موقف دے سکیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close