اسلام آباد

سعودی عرب سے ڈیل کی خبریں بے بنیاد ہیں، ترجمان نوازشریف

نواز شریف کے ترجمان نے سابق وزیر اعظم کی سعودی عرب کے ساتھ مبینہ ڈیل سے متعلق برطانوی اخبار کی خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ نواز شریف کے ترجمان نے برطانوی اخبار کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نوازشریف کا سعودی عرب سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا اور مبینہ ڈیل سے متعلق تمام زیر گردش خبریں حقائق کے منافی اور حیران کن ہیں ان میں کوئی سچائی نہیں جب کہ میڈیا کو اس قسم کی خبروں کو نشر کرنے سے پہلے متعلقہ افراد سے گفتگو کرنی چاہیئے تاکہ حقائق کا پتہ چل سکے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نواز شریف سعودی حکمران خاندان سے اپنے دیرینہ تعلق کی بنا پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ نواز شریف نے اپنے ذاتی تعلقات کو قومی مفاد کے لیے استعمال کیا نہ کہ ذاتی مفاد کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی بے گناہی ثابت کریں گے اور ریکارڈ کے مطابق نواز شریف نے ہمیشہ سپریم کورٹ سمیت تمام اداروں کا احترام کیا ہے، عدالتی فیصلوں کے احترام میں مقدمات کا سامنا کیا ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی اخبار ’دی ٹائمز‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت سابق وزیراعظم محمد نواز شریف جلا وطن ہو سکتے ہیں۔ اخبار نے یہ بھی لکھا ہے کہ سعودی ڈیل کے تحت نواز شریف کو ملک سے باہر رہنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، اس طرح سے انہیں کرپشن کیسز سے بھی چھٹکارا مل سکتا ہے، نواز شریف کو باہر جانے کے لیے اجازت درکار ہے اوراس کے لیے سعودی عرب میں معاملات طے پا سکتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close