اسلام آباد

امریکا کو افغانستان کی جنگ پاکستان میں لڑنے نہیں دیں گے، وزیر دفاع

وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کو کسی قسم کی امداد نہیں دی ڈونلڈ ٹرمپ کو 33 ارب ڈالر کی ایک ایک پائی کا حساب دیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ افغانستان کے امن کے لیے پاکستان میں جنگ کرنا کسی صورت سود مند نہیں امریکا کو افغانستان کی جنگ پاکستان میں لڑنے نہیں دیں گے ہم پاک سرزمین کے دفاع کے لیے بالکل تیار ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ افغانستان سے حملوں میں پاک فوج کے جوان اور شہری شہید ہوئے، افغانستان میں بھی محفوظ پناہ گاہیں ہیں جہاں سے پاکستان میں حملے ہورہے ہیں، اگر ایک ٹوئٹ سے معاملات حل ہوتے تو کب کے حل ہو جاتے، پاکستان اور افغانستان سے القاعدہ ختم کرنے کی کوئی اور مثال نہیں ملتی، ایک زمانے میں وہاں سے ڈرون بھی اڑتے تھے جو پاکستان میں حملہ کرتے تھے، مشرف دور میں ہم نے غلطی کی اور انہیں بیس دی۔ خرم دستگیر نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی کچھ باقیات ہیں، جو آپریشن ردالفساد کے ذریعے ختم کر رہے ہیں، فی الوقت پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ہے۔ دریں اثنا دفتر خارجہ نے ٹرمپ کے بیان پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو طلب کرکے اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان امریکی رہنماؤں کو بے وقوف سمجھتا ہے، پاکستان کو 15 برس میں 33 ارب ڈالر کی امداد دے کر امریکا نے بے وقوفی کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close