اسلام آباد

پارلیمنٹ کو گالی دینے کی نہیں، اسے مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، زرداری

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نمائندہ ادارہ ہے، اسے گالی نہیں دی جاسکتی پارلیمنٹ کو گالی دینے کی نہیں بلکہ اسے مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ پر لعنت دینے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے آصف زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی کی بنیاد پر اسے مطعون نہیں کیا جا سکتا، جس قانون سازی کی بنیاد پر پارلیمنٹ کو برا کہا جارہا ہے اس میں تمام جماعتیں شامل ہیں صرف نواز لیگ نہیں۔ سابق صدر نے کہا ہے کہ نوازشریف کو پارٹی سربراہ بنانے کا بل جب پیش کیا گیا تو پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں اس قانون سازی کا راستہ روکا تاہم حکومت نے قومی اسمبلی میں اکثریت کی بنیاد پر بل پاس کرایا، پارلیمنٹ کو گالی دینے کی نہیں بلکہ اسے مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، پارلیمنٹ کو اس قدر موثر بنایا جائے کہ متنازع قوانین نہ بن سکیں، قانون میں کمزوری ہو تو اسے دور کرکے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر ایجنڈا حکومت لے کر آتی ہے، پارلیمنٹ ایجنڈا خود مقرر نہیں کرتی حکومتی پالیسیوں پر اعتراض کیا جا سکتا ہے لیکن پارلیمنٹ کو برا نہیں کہا جاسکتا کیوں کہ پارلیمنٹ کے اندر اقدامات حکومت کے ہوتے ہیں پارلیمنٹ کے نہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close