اسلام آباد

آرٹیکل 62 ون ایف کا مقدمہ، نواز شریف کا وکیل بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوگیا

اسلام آباد: آرٹیکل باسٹھ ون ایف کا مقدمہ، سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے۔ درخواست گزاروں کے وکلا اور عدالتی معاون منیراے ملک نے مستقل نااہلی ختم کرنے کے حق میں دلائل دیئے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔ نوازشریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ کو تیاری کیلئے تین دن کی مہلت مانگ لی۔ دوران سماعت جہانگیر ترین کے وکیل اور عدالتی معاون منیر اے ملک نے تاحیات نااہلی کی مخالفت کی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے مقدمے میں مدت کا تعین کرنا چاہتے ہیں، عدالتی معاون منیر اے ملک نے دلائل میں کہا آرٹیکل 62 اور63 کو ملا کر پڑھنے کی ضرورت ہے، 18ویں ترمیم میں پارلیمنٹ کی تاحیات نااہلی کی بھول بھلیوں سے نکلنے کی نیت واضح ہے۔ جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجازالاحسن نے قرار دیا کہ جب تک نااہلی کا ڈیکلریشن موجود ہے اس کے اثرات رہیں گے۔

چیف جسٹس نے کہا ایک کیس میں فیصلہ آ چکا ہے کہ ڈیکلریشن کو ختم کرنے کیلئے ڈیکلریشن نہیں دیا جا سکتا۔ فاضل بنچ نےاستفسار کیا کہ اگر عدالت کسی کو ذہنی معذور یا غداری کا مرتکب قرار دے تو کیا نااہلی مستقل نہیں ہوگی۔ جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ پارلیمینٹیرنز کے لیے ایمانداری بہت ضروری ہے، ہم قوم کے لیڈر، ممکنہ وزیراعظم اور وزیر کی بات کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ایماندار آرٹیکل 62 کا بنیادی جزو ہے ، بےایمانی کا مطلب چیٹنگ اور فراڈ ہے، ایسا کرنے والوں پر تاحیات پابندی ہونی چاہیے۔ کیس کی سماعت جمعرات کو بھی جاری رہے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close