اسلام آباد

ایل این جی اسکینڈل، شیخ رشید احمد نے وزیراعظم کیخلاف نیب کو درخواست دیدی

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی معاہدے میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے چیئرمین نیب کو درخواست کردی۔ کہتے ہیں کہ وہ وزیراعظم سے ہر محاذ پر مناظرہ کرنے کا چیلنج قبول کرتے ہیں، اگر وہ اپنے الزامات کو ثابت نہ کرسکے تو سیاست کو خیرباد کہہ دیں گے۔

نیب ہیڈکوارٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف چیئرمین نیب کو تمام ثبوتوں کے ساتھ درخواست کردی ہے اور جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے کہا کہ نیب کا آدھا کام کردیا ہے اب آدھا کام خود کریں، شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے دوسری درخوست کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف دی ہے جنہوں نے کیبینٹ ڈویژن سے نو کروڑ روپے نکلوائے، ساتھ میں خورشید شاہ کے چار لیٹرز بھی لگائے ہیں جن کے گزشتہ روز تک جواب دینا تک مناسب نہیں سمجھا گیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ کس طرح کا معاہدہ ہے جو حکومت ٹو حکومت کے درمیان ہوا، اس معاہدے کا ایجنٹ سیف الرحمان سیف ہے۔ سوال اٹھایا کہ کس طرح اِنہوں نے حسین داود کو ٹرمینل دیا ہے جبکہ اپنا ٹرمینل استمعال نہیں کیا، کس طرح دو ہزار تیرہ سے یومیہ تین کروڑ روپے دے رہے ہیں، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پی ایس او کے پاس گیس درآمد کرنے کا تو لائسنس ہی نہیں ہے یہ لائسنس تو سوئی سدرن کے پاس ہے، دو سو ارب روپے کی کرپشن کا پندرہ سال کا معاہدہ کیا گیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے مناظرے کی دعوت قبول کرتے ہیں، اگر الزامات ثابت نہ کرسکے تو سیاست کو خیرباد کہہ دیں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چند روز قبل پنجاب میں ایک اجلاس ہوا ہے جس میں طے کیا گیا ہے کہ کس طرح چیف جسٹس ثاقب نثار اور چیئرمین نیب کے خلاف عوامی کو خلاف کرنا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close