اسلام آباد

الیکشن کمیشن نے نون لیگ کو سینیٹ الیکشن سے آّوٹ کردیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے راجا ظفرالحق کی جانب سے سینیٹ کے لیے جمع کرائے گئے ٹکٹ مسترد کر دیے۔ نون لیگی امیدواروں کو آزاد حیثیت دیدی گئی۔ دو صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بروقت الیکشن کروانے اور امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے نون لیگ کے امیدواروں کو آزاد تصور کیا جائے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کا اطلاق سینیٹ الیکشن ، پی پی تیس اور پی ایس سات گھوٹکی پر ہوگا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کے احکامات کو کالعدم قرار دیا ہے اور نواز شریف کے جاری کردہ ٹکٹس مسترد کیے گئے ہیں، تمام ریٹرننگ آفیسرز نون لیگی امیدواروں کو آزاد تصور کریں۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ ریٹرننگ آفیسرز فارم تینتیس اور چون میں امیدواروں کو آزاد ڈیکلیئر کریں، اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے دوسری سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو متاثر نہیں کرنا چاہتے، الیکشن کمیشن نے چار آپشنز پر غور کیا، پہلا آپشن یہ تھا کہ سینیٹ الیکشن، سرگودھا اور گھوٹکی کے ضمنی انتخاب کو ملتوی کیا جائے، دوسرا آپشن یہ کہ نون لیگ کے امیدواروں کے نام نکال دیے جائیں، تیسرا آپشن یہ کہ متاثرہ امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹس جمع کرانے کی مہلت دی جائے اور آخری آپشن یہ کہ تمام امیدواروں کو آزاد ڈیکلیئر کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، نون لیگی امیدواروں کو آزاد ڈیکلیئر کرنے کا مقصد سینیٹ انتخابات کا بروقت انعقاد کرنا ہے، لیگی امیدواروں کو انتخابی عمل سے باہر کرنا ناانصافی اور محروم کرنا ہوتا، نواز شریف سے ٹکٹ نہ لینے والے امیدوار بھی سینیٹ انتخابات کے لیے اہل ہیں، نئی ٹکٹیں جمع کرانے کے لیے وقت دینا غیرقانونی ہوتا۔ اس سے قبل مسلم لیگ نواز کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں اپنے سینیٹ امیدواران کے نئے پارٹی ٹکٹس اور اتھارٹی جمع کرائے۔

میڈیا سے گفتگو میں راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ کل کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات ضروری سمجھی، الیکشن کمیشن میں اپنے نام سے امیدواروں کے پارٹی ٹکٹس جمع کرا دیئے ہیں، صدر یا چیئرمین پارٹی ٹکٹ جاری کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدارت کے لیے نام پر مشاورت ہو رہی ہے، اس حوالے سے پارٹی کی مرکزی مجلس عامہ فیصلہ کرے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close