اسلام آباد

قریشی صاحب آج تو تالیاں بجا دیں ،بجٹ میں کاشتکاروں پر سب کچھ لٹا دیاہے:اسحاق ڈار

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے خوشگوار انداز میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ قریشی صاحب آج تو تالیاں بجا دیں ،بجٹ میں کاشتکاروں پر سب کچھ لٹا دیاہے‘ ۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ میں کسانوں کیلئے کافی مراعات کا اعلان کیا۔ انہوں نے بجٹ میں اے ڈی پی کھاد کی بوری میں 300روپے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب اس کھاد کی بوری 2800کی بجائے 2500میں ملے گی۔اس کے علاوہ یوریا کی بوری اب کمی کے بعد 1400میں ملے گی۔ صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ان کیلئے فی یونٹ 5.25روپے کا ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر زراعت سے تعلق رکھنے والے ارکان سے کہا کہ سب کچھ آپ پر لٹا دیا ہے۔ کچھ تو تالیاں بجا دو۔انہوں نے کہا کہ زرعی قرضوں کا حجم بڑھا کر 700ارب کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اس موقع پر زرعی ادویات پر عائد سیلز ٹیکس ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ کسانوں کی جانب سے لاہور میں احتجاج میں پاکستان تحریک انصاف نے ان کی حمایت کا اعلان کیاتھا جبکہ شاہ محمود قریشی نے کسانوں کے احتجاج میں شرکت بھی کی اور تقریر بھی کی تھی تاہم پنجاب حکومت اور کسانوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے تھے اور کسانوں نے احتجاج ختم کر دیا تھا ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close