اسلام آباد

نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی

سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔ آج احتساب عدالت میں العزیزیہ اورفلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت کے دوران 5گواہان کے بیان اور ان کے بیانات پرجرح مکمل کی گئی جبکہ مزید 3 گواہان کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے درخواست کی کہ کل صرف جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔

خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ واجد ضیاء سے متعلق درخواست دوں گا اور اس پربحث ہوگی، بہترہوگا کہ واجد ضیاء پرجرح تینوں ریفرنسز میں ایک ساتھ ہی ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد کیس کی سماعت کودرست سمت میں لے جاناہے، واجد ضیاء نے ایک ہی طرح کی تحقیق کی ہوئی ہے۔

احتساب عدالت نے واجد ضیاء کو کل دوپہر دوبجے طلب کر کے سماعت ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل شریف خاندان کے خلاف نیب کے غیر ملکی گواہ رابرٹ ریڈلی کا بھی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کیا تھا۔

کیس کا پس منظر

سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا۔

العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا۔

نیب کی جانب سے ان تینوں ریفرنسز کے ضمنی ریفرنس بھی احتساب عدالت میں دائر کیے جاچکے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close