اسلام آباد

دہشتگردی کیخلاف امریکہ اور پاکستان کامیاب پارٹنر ہیں، سیکرٹری خارجہ پاکستان

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاک امریکا تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تعلقات امریکا کیلئے بھی اتنے ہی ضروری ہیں جتنے پاکستان کیلئے ضروری ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں غیر ملکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال کے دوران جو بات چیت ہوئی اور جو کام ہوا اسے بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کو مل کر خطے میں امن و امان قائم کرنے کے لئے کوشش کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا دہشت گردی اور القاعدہ کیخلاف کامیاب پارٹنر ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ سی پیک خطے کو جوڑنے کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

سیکرٹری خارجہ دو روزہ سرکاری دورے پر امریکا میں موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام سخت اقدامات پر زور دیتا ہے۔ تہمینہ جنجوعہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹرکچرڈ ڈائیلاگ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکا کے ساتھ بات چیت میں تمام ایشوز پر بات کرنا چاہیئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ بھی پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنا چاہتا ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے افغانستان کے مسئلے پر بھی بات کی اور کہا کہ ہم نے افغانستان کو 5 ورکنگ گروپس کی تجویز دی ہے۔ یہ ورکنگ گروپ آپریشنل ہو جائیں تو تمام ایشوز پر مستقل بات چیت ہوتی رہے گی۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سی پیک ون بیلٹ کا اہم حصہ ہے جو خطے کو جوڑنے کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے اور علاقائی انضمام انتہا پسندی اور دہشتگردی سے لڑنے کیلیے پاکستان کی بنیادی حکمت عملی ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ خواتین پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، حکومت پاکستان ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے، خصوصی طور پر ان کی سیاسی و اقتصادی شعبوں میں متحرک شرکت کے حوالے سے پرعزم ہے، ابھی اس سلسلے میں بہت کچھ کرنا باقی ہے، اب پاکستان میں خواتین کو جتنی آزادی اور اپنے حقوق حاصل ہیں اتنے پہلے کبھی نہ تھے۔ قبل ازیں امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے تہمینہ جنجوعہ کا استقبال کیا جو سیکرٹری خارجہ کا عہدہ حاصل کرنیوالی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ پاکستان میں خواتین کی بڑے عہدوں تک رسائی کو سراہتے ہوئے اعزاز چوہدری نے پاکستانی نژاد امریکی خواتین کی ملکی ترقی کیلئے ادا کئے گئے کردار کو سراہا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close