اسلام آباد

سینیٹ چیرمین؛ اتحادیوں نے فیصلے کا اختیار نواز شریف کو دے دیا

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعتوں نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدواروں کے لیے نواز شریف کو مکمل اختیار دے دیا جب کہ دوسری جانب پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف بھی اپنا امیدوار لانے کے لیے سرگرم ہیں۔

قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کے عہدوں کے لیے موزوں امیدواروں پر غور کیا گیا اور سینیٹ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی گئی۔

اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں مولانا عبدالغفور حیدری، میر حاصل بزنجو، عثمان کاکڑ، خالد مقبول صدیقی، عامر خان، محمود خان اچکزئی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ظفرالحق، مشاہد اللہ خان، امیر مقام ، شاہ محمد شاہ اور مصدق ملک بھی موجود تھے۔ نواز شریف سے ایم کیو ایم پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں تین رکنی وفد نے بھی ملاقات کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو نے بتایا کہ کل تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ آج ہماری جماعت سمیت دیگر اتحادی جماعتوں نے امیدواروں کے انتخاب کے لیے نواز شریف کو مکمل اختیار دے دیا ہے اور حتمی فیصلہ انہی کا ہوگا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ اجلاس میں رضا ربانی کا نام بھی زیر بحث آیا ہے اور نوازشریف بھی رضا ربانی کے حق میں ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کی بھی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے عہدوں کے لیے سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ چیئرمین سینیٹ کے لیے سلیم مانڈوی والا کے نام پر اتفاق نہ ہونے کے باعث پیپلز پارٹی کی جانب سے بلوچستان سے سینیٹ چیئرمین لانے کے لیے غور کیا جارہا ہے ۔بلاول بھٹو نے رضا ربانی سے ملاقات بھی کی ہے جب کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close