اسلام آباد

5 سال سے یہی خواب دیکھا کہ پاکستان واپس جاؤں، ملالہ یوسف زئی

اسلام آباد: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا وزیر اعظم ہاؤس میں تقریب کے دوران کہناتھا کہ 5 سال سے یہی خواب دیکھا کہ پاکستان واپس جاؤں۔ نوبل انعام یافتہ قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی تقریباً ساڑھے پانچ سال بعد وطن واپس آئی ہیں، پاکستان واپسی پر انہوں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی، ملالہ یوسف زئی کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں تقریب منعقد کی گئی جہاں ملالہ خطاب کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔

تقریب سے خطاب کے دوران ملالہ نے کہا وطن واپس آکر بہت خوش ہوں، ابھی تک یقین نہیں آرہا کہ پاکستان میں ہوں، پانچ سال بعد پھر اپنے وطن اپنی مٹی پر قدم رکھے ہیں، میں زیادہ روتی نہیں ہوں لیکن آج پتہ نہیں کیوں ایساہوا۔ اس وقت 20 سال کی ہوں لیکن میں نے بہت کچھ دیکھ لیا ہے، 5 سال سے یہی خواب دیکھا کہ پاکستان واپس جاؤں۔

ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کی تعلیم کیلئے کام کرنا چاہتی ہوں، ہمیں بچوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے کیونکہ آنے والی نسلیں ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ تعلیم، صحت اورمعیشت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کو ان معاملات پر ایک ہونا چاہیے۔ اگر میں چاہتی تو کبھی اپنا ملک نہ چھوڑتی۔ ملالہ نے کہا خواتین لیڈرزبن سکتی ہیں، خواتین کوتعلیم کے ذریعےخودمختار کرنا انتہائی ضروری ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ملالہ کے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج ہمیں فخر ہے، ہماری بچی جس نے دنیا میں مقام حاصل کیا وہ گھر واپس آئی ہیں، ملالہ دنیا میں پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں، ملالہ نے بچوں کی تعلیم کیلئے کوششیں کی ہیں۔ ملالہ جب پاکستان سے گئیں تو بچی تھیں لیکن اب جب واپس آئی ہیں تو تاریخ کی مشہور لڑکی ہیں، ملالہ اب پاکستان کی عام شہری نہیں ہیں، جب ملالہ پاکستان سے گئی تھیں تو پاکستان میں دہشت گردی عروج پرتھی، ہم نے دہشت گردی کے خلاف ایک مشکل جنگ لڑی، ہم نے پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کردیا ہے، دنیا جو مرضی سمجھے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑی جنگ لڑی اور آج بھی لڑرہےہیں۔ وزیر اعظم نے ملالہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ’’ویلکم ہوم ملالہ‘‘۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close