Featuredاسلام آباد

قومی سلامتی کمیٹی نے فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کی توثیق کردی

اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی نے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت ہوا۔ وزیراعظم نے اجلاس کو بتایا کہ پارلیمنٹ میں موجود سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے مشاورت میں اس معاملے پر وسیع اتفاق رائے سامنے آیا ہے۔ کمیٹی نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ان سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کیلئے آئینی، قانونی اور انتظامی طریقہ کار طے کیا جائے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے آئندہ دس سال کے دوران فاٹا کیلئے اضافی ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے کی بھی توثیق کی۔ فاٹا کیلئے مختص فنڈز خیبرپختونخوا کے کسی دوسرے حصے میں خرچ نہیں کئے جاسکیں گے۔

ڈپٹی چیرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے اجلاس کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان اصلاحات پر بریفنگ دی۔ قومی سلامتی کمیٹی نے تفصیلی غور کے بعد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو زیادہ انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کو 5 سالہ ٹیکس چھوٹ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ ان علاقوں میں ترقی کا عمل تیز کرکے انہیں ملک کے دوسرے حصوں کے برابر لایا جاسکے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف اور انہیں عالمی فورمز پر اجاگر کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزارت داخلہ نے غیرملکیوں خصوصاََ سیاحوں اور تاجروں کیلئے ویزہ کے عمل کو آسان بنانے کیلئے تجاویز پر بریفنگ دی۔ اجلاس نے وزرات داخلہ کو ان تجاویز کو مزید بہتر بناکر کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزارت خارجہ نے اجلاس کو علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ قومی سلامتی کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے آگے امن اور سلامتی کیلئے کردار ادا کرتا رہےگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close