Featuredاسلام آباد

وفاقی کابینہ نے فاٹا انضمام سے متعلق آئینی ترمیم کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے سے متعلق آئینی ترمیم کی منظوری دی گئی جبکہ فاٹا ریفارمز کا آئینی ترمیمی مسودہ قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں دیگر اہم فیصلوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان اور ڈیجیٹل پالیسی کی منظوری بھی دی گئی۔ گلگت بلتستان کونسل وفاقی حکومت کے ساتھ ایڈوائزری بورڈ کی حیثیت سے کام کرے گی اور گلگت بلتستان کے عوام کو وہی حقوق حاصل ہوں گے جو دوسرے صوبوں کو حاصل ہیں۔

وفاقی کابینہ نے ڈیجیٹل پاکستان پالیسی، اینٹی نارکوٹکس اور بینکنگ کورٹس کے ججز کی تقرری اور وفاقی کابینہ میں چیئرمین کاپی رائٹس بورڈ کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ علاوہ ازیں فاٹا اصلاحات سے متعلق وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پارلیمانی رہنماؤں نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام پر اتفاق کرلیا۔ بیرسٹر ظفراللہ کے مطابق فاٹا انضمام بل کے بنیادی اصول طے کرلیے گئے ہیں اور کم و بیش تمام باتوں پر اتفاق ہو گیا ہے۔ تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ فاٹا انضمام بل سے متعلق آئینی ترمیم کا حتمی مسودہ کل پارلیمانی رہنماؤں سے شئیر کیا جائے گا اور فاٹا انضمام آئینی ترمیم جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں پیش ہوگی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close