اسلام آباد

بھارت کی پالیسیاں خطے میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں، پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بھارت کا ٹریک ریکارڈ ہے جب کہ بھارت کی پالیسیاں خطے میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت کے خلاف ہر فورم پر پُرزور مذمت کی جب کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بھارت کا ٹریک ریکارڈ ہے اور یہی پالیسیاں خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں اسپتالوں پر بھی حملے کر رہی ہے اس لئے عالمی برادری بھارت سے کہے کہ کشمیر کے معاملے پر بات چیت کرے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کودہشت گردی سے جوڑنا بھارتی پروپیگنڈہ ہے جب کہ بھارت سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کی شرائط پر پورا نہیں اترتا۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنا نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے اتنا سب ممالک کا مل کر بھی نہیں ہوا، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں پر سوال نہیں اٹھایاجا سکتا،آپریشن ضرب عضب کے ذریعے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں، امریکی سینیٹر جان مکین وزیرستان کے دورے کے بعد پاکستان کی کوششوں پر مطمئن تھے جب کہ اکتوبر 2015 میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دہشت گردی کے مسئلے پر تعاون جاری ہے، پاکستان کی امداد بند کرنے والی کانگریس کی میٹنگ کے مثبت نتائج نہیں ہو سکتے جس میں ممبران کی حاضری بھی نہ ہونے کے برابر تھی جب کہ امریکی صدر سے لیکر جان مکین تک سبھی پاکستان کے کردار کے معترف ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے افغان صدر کے پاکستان مخالف حالیہ بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کے پاکستان مخالف بیانات نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں، ایسے بیانات سے صرف امن دشمن ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close