Featuredاسلام آباد

پرویز خٹک غیر جانبدار شخصیت کی بجائے من پسند فرد کی تلاش میں ہیں

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے صوبے میں نگران وزیراعلٰی کی نامزدگی میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلٰی اور اپوزیشن لیڈر کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ معاملہ ڈیڈلاک کا شکار ہوا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم جسٹس ناصر الملک کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہمارے صوبے میں قابل اور تجربہ کار شخصیات کی کمی نہیں، تاہم اگر ذاتی مفادات سے قطع نظر معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے تو جلد از جلد نمٹایا جا سکتا ہے، لیکن سابق وزیراعلٰی اور سابق اپوزیشن لیڈر غیر جانبدار شخصیت کی بجائے من پسند فرد کی تلاش میں ہیں، دونوں کو صوبے کے مفاد میں سوچنا چاہیئے، فیصلے میں تاخیر سے سولات جنم لے رہے ہیں۔

سرداد حسین بابک نے کہا کہ سابق وزیراعلٰی اور سابق اپوزیشن لیڈر اپنے آئینی اختیارات کا غیر آئینی استعمال کر رہے ہیں، سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ذاتی مفادات کو قومی مفاد پر ترجیح دینا افسوسناک اور نیک شگون نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کیلئے موجودہ وقت لمحہ فکریہ ہے، حیرت اور افسوس کی بات یہ ہے کہ اپوزیشن کی 4 جماعتیں ایک طرف ہیں، جبکہ اپوزیشن لیڈر کی ایک جماعت دوسری جانب کھڑی ہے اور نامزدگی کیلئے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں قابل، دیانتدار، تجربہ کار اور گرانقدر شخصیات کی کمی نہیں، لہٰذا غیر جانبدار شخصیت کو نگران نامزد کر کے اس اہم معاملے کو جلد از جلد نمٹا دیا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close