Featuredاسلام آباد

پی ٹی آئی میں شامل کئی بڑے برج پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام ، نامراد، کون کون شامل ہیں، جان کر آپ۔۔۔

تحریک انصاف کی جانب سے 2018ء کے انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم میں کئی اہم امیدوار نظر انداز کر دیئے گئے، جبکہ کئی کو ٹکٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ مشروط کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مردان سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی محمد خان اور کوہاٹ سے شہریار آفریدی کی 5 سالہ کارکردگی سے پارٹی قیادت مطمئن نہ ہو سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کو ٹکٹوں کا فیصلہ کارکنوں کی رائے سے مشروط کر دیا گیا ہے اور دونوں رہنماؤں کو کارکنوں اور حلقے کے عوام کی آراء سامنے آنے پر ٹکٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پارٹی قیادت سروے رپورٹ موصول ہونے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔ دوسری جانب سیالکوٹ سے امیدوار فردوس عاشق اعوان کے حلقے میں ان کے ساتھ ایم پی اے کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق فردوس عاشق جسے ایم پی اے لانا چاہتی ہیں پارٹی قیادت اُن سے مطمئن نہیں، اس لئے ایم پی اے کا فیصلہ ہونے کے بعد فردوس عاشق اعوان کو ٹکٹ جاری کرنے سے متعلق فیصلہ ہو گا۔ کراچی سے پی ٹی آئی کے امیدوار عامر لیاقت حسین کو بھی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا، جنہیں ٹکٹ جاری کرنے سے متعلق فیصلہ 13 جون کو پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ہو گا۔ سابق وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ترجمان شوکت یوسفزئی بھی صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ سے محروم رہے جبکہ کراچی سے فیصل واؤڈا کا نام بھی سامنے نہ آ سکا۔ پشاور سے تحریک انصاف کے رہنما ارباب نجیب اللہ نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا، جبکہ ان کے حامیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پارلیمانی بورڈ نے زیادہ تر حلقوں کیلئے امیدواروں کا انتخاب کر لیا ہے، یہ نہایت اہم مگر کٹھن مرحلہ تھا لیکن نہایت محنت و دیانتداری سے فیصلے کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، فطری امر تھا کہ سب کو ٹکٹس دینا ممکن نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت محسوس کی خفیہ انداز میں عوام اور کارکنان سے رائے لی، دیرینہ کارکنان اور پارٹی وفاداری کو فیصلہ سازی میں ملحوظ خاطر رکھا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جن لوگوں کو ٹکٹس نہیں ملے انہیں ساتھ چلنے کی دعوت دیتا ہوں کیونکہ نئے پاکستان کی تعمیر کا خواب بڑا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کا پورا دھیان رکھتے ہوئے بہترین امیدوار میدان میں اتارنے کی کوشش کی، نئے پاکستان کی تعمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہمارے ساتھ نکلیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close