اسلام آباد

تحریک انصاف کو اقتدار ملتا نظر آرہا ہے، عمران خان کا دعویٰ

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کو اقتدار ملتا نظر آرہا ہے لیکن اب مجھے بلیک میل کیا جارہا ہے کہ میں پیچھے ہٹ جاؤں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں انقلابی اقدامات کیے اور موثر احتساب بل لے کر آئے ہيں جس سے کرپشن کے ذریعے چوری کیا گیا سارا پیسہ واپس لیا جائے گا اور ڈیپارٹمنٹ میں جو شخص بھی کرپشن کی نشاندہی کرے گا اسے 25 فیصد انعام میں دیا جائے گا جب کہ اس کا نام بھی خفیہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ قانونی طور پر پولیس کو سیاست سے پاک کردیا گیا اور اب ساری بھرتیاں این ٹی ایس سسٹم کے ذریعے ہی ہوں گی جس سے کوئی بھی اپنا شخص بھرتی نہیں کراسکے گا جب کہ یہ سب کام آئی جی کے زیر نگرانی ہوں گے ، آئندہ دنوں میں پنجاب اور سندھ بھی ایسے ہی اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ موٹو گینگ نے 8 سال اقتدار میں رہ کر میرے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی، اگر میں کوئی قانون توڑ بھی رہا تھا تو میرے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تھی۔ عمران خان نے کہا کہ جمہوری حکومتیں بلیک میلنگ نہیں کرتیں بلکہ یہ کام تو مافیا کرتی ہے، نوازشریف بتائیں وہ جمہوری حکومت کے سربراہ یا پھر کسی مافیا کے، اسی وجہ سے ملک میں کرپشن بڑھ رہی ہے کیوں کہ یہ لوگ کرپٹ لوگوں کو فائل دکھاتے ہیں اور اپنی کرپشن کی نشاندہی پر کرپٹ لوگوں کی فائلیں دکھا کر انہیں بلیک میل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظر آرہا ہے ہمیں اقتدار ملنے والا ہے لیکن اب مجھے بلیک میل کیا جارہا ہے کہ میں پیچھے ہٹ جاؤں، میرے خلاف جو مرضی قانون استعمال کریں میں آخر تک جاؤں گا اور کرپشن کے خلاف تحریک 7 اگست سے ہی شروع کریں گے، جب تک ہم کامیاب نہیں ہوتے تحریک احتساب جاری رہے گی۔

عمران خان نے کہا مجھے نہیں پتا کہ میرے خلاف کیا ریفرنس جمع کیا گیا ہے لیکن میں تو پہلے ہی وزیراعظم کے ساتھ اپنے احتساب کی پیشکش کرچکا ہوں، اگر میاں صاحب کو لگتا ہے کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا تو انہیں ٹی او آرز سے خوف کیوں ہیں۔ چیرمین تحریک انصاف نے سارک کانفرنس میں بھارتی وزیرداخلہ کے سامنے چوہدری نثار کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وزیرداخلہ نے کل جو کچھ کہا میں اس سے متفق ہوں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close