Featuredاسلام آباد

غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے کا معاملہ،پرویز خٹک نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگ لی

اسلام آباد : الیکشن مہم کے دوران غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

الیکشن کمیشن میں انتخابی مہم کے دوران پرویز خٹک کی غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے کے معاملے کی سماعت ہوئی ۔ سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی ۔پرویز خٹک کی جانب سے ان کے وکیل سکندر بشیر مہمند الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور پرویز خٹک کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا۔ اپنے جواب میں پرویز خٹک نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگ لی اور لکھا ’ اپنے الفاظ پر شرمندہ ہوں اور غیر مشروط معافی مانگتاہوں‘۔

وکیل سکندربشیرمہمند نے کہا پرویزخٹک نے جو کہا وہ غیر اختیاری تھا، چیف الیکشن کمشنر نے وکیل سکندر بشیر مہمند کو کہا ہم آپ کو ویڈیوکلپ دکھا دیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران پرویز خٹک کی تقریر کی ویڈیو چلائی گئی جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے کہا پرویز خٹک پشتو تقریر میں جو کہہ رہے ہیں اب آپ نے سنا؟۔ وکیل کی جانب سے بتایا گیا کہ پرویز خٹک اپنے بیان پر میڈیا میں بھی معافی مانگ چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پرویز خٹک کی جانب سے میڈیا پر معافی مانگنے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ الیکشن 2018 کی انتخابی مہم کے دوران سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پیپلز پارٹی اور اس کے جھنڈے کے حوالے سے انتہائی سخت زبان استعمال کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close