اسلام آباد

نیشنل ایکشن پلان کی مانیٹرنگ کیلئے اعلیٰ سطح کی ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد : نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کےلئے اعلیٰ سطح کی ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ سیاسی وعسکری قیادت نے دہشت گردوں کی بیرونی فنڈنگ روکنے کےلئے حکمت عملی بھی طے کر لی۔ صوبوں کی مدد سے کومبنگ آپریشن کو مزید موثربنایا جائیگا۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ سرزمین پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں ہونے والے اہم اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد‘ خطے اور داخلی سکیورٹی کی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق سیاسی وعسکر ی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے ہر کونے سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کوختم کیا جائیگا۔ اعلیٰ سطح کی ٹاسک فورس تشکیل دی جائیگی جو ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کریگی۔ ٹاسک فورس تمام متعلقہ محکموں‘ ایجنسیوں‘ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے سینئر نمائندوں پر مشتمل ہو گی۔

اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے قومی سکیورٹی کویقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ خفیہ اداروں کو تمام ضروری وسائل اور حمایت فراہم کی جائیگی۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ایکشن مقررہ وقت پرہو اور نتائج بھی ملنے چاہئیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔

شرکاءنے اتفاق کیا کہ ملک بھر میں انٹیلی جنس آپریشنز کا دائرہ کار وسیع کیا جائیگا۔ دشمن ایجنسیوں کے عناصر کے خاتمے کےلئے مربوط اور بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جائینگی۔ انٹیلی جنس اور سکیورٹی اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کیا جائیگا۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مدارس اصلاحات پر عملدرآمد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ ڈی جی آئی ایس آئی‘ ڈی جی ایم او‘ ڈی جی آئی بی‘ وزیرداخلہ‘ وزیرخزانہ‘ مشیر قومی سلامتی اور مشیر امور خارجہ بھی شریک ہوئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close