اسلام آباد

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کیلئے 30 ارکان کے انٹرویوز مکمل کرلیے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے لیے 30 ارکان اسمبلی کے انٹرویوز مکمل کرلیے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب کابینہ سے متعلق مشاورت کے لیے انتہائی اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت مجوزہ کابینہ اراکین بھی شریک تھے۔

اجلاس میں عبدالعلیم خان، یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان، راجا بشارت، حنیف پتافی اور دیگر بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ سے متعلق عمران خان کو بریفنگ دی جس کے بعد وزیراعظم نے پنجاب کابینہ کے لیے 30 ارکان اسمبلی کے انٹرویوز بھی کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان اور میاں محمودالرشید کو سینئر صوبائی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جب کابینہ میں یاسمین راشد، اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان، راجا بشارت، حنیف پتافی اور مراد راس کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ کے لیے حتمی ناموں کا اعلان کل کیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں کابینہ میں 15 سے 20 وزرا کو شامل کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل بھی عمران خان نے عثمان بزدار سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی تھی جس میں دونوں کے درمیان کابینہ مختصر رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ذارئع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 15 وزراء کو قلمدان سونپے جائیں گے جن میں تحریک انصاف کے سینئر ارکان کو بھی وزارتیں دی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے کے لیے وزراء کے ممکنہ محکموں کے لیے متعدد نام زیر غور ہیں جن میں میاں محمودالرشید کو وزیر ہاؤسنگ اور سی اینڈ ڈبلیو، علیم خان کو وزیر بلدیات، یاسمین راشدکو وزیر صحت، سبطین خان کو وزیر زراعت اور سمیع اللہ کو چیف وہپ بنائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ ہاشم بخت کو وزیر تعلیم،حسنین دریشک کو وزیر خزانہ،اسلم اقبال کو وزیر اطلاعات، راجابشارت کو وزیر پارلیمانی امور اور جہانزیب کچھی کو لائیو اسٹاک کی وزارت سونپے جانے امکان ہے۔

اس کے علاوہ راجا یاسر کو ہائر ایجوکیشن کا وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ سینیر وزیر کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے لیے فیاض الحسن، راشدحفیظ، سعدیہ سہیل، مرادراس، اجمل چیمہ، محسن لغاری اور ملک اختر کے نام بھی زیر غور ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close