اسلام آباد

حالیہ انتخابات پر لعنت بھیجتا ہوں، مشاہد اللہ خان

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات پر لعنت بھیجتا ہوں۔ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر سینیٹ میں تحریک التوا پر بحث ہوئی جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ نے الیکشن میں دھاندلی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں حالیہ انتخابات پر لعنت بھیجتا ہوں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے مشاہد اللہ کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی غیر پارلیمانی الفاظ سے اجتناب کریں۔ اس پر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ لفظ لعنت غیر پارلیمانی نہیں بلکہ اردو کا لفظ ہے، آپ کا مسئلہ یہ ہے کہ آپ اردو کے بجائے انگلش کو زیادہ بہتر جانتے ہیں۔

مشاہد اللہ کا کہنا تھا کہ یہ عجیب الیکشن ہے جس میں 17لاکھ ووٹ مسترد کئے گئے، نتائج تبدیل کرکے کہا جاتا ہے کہ مدینہ کی ریاست بنائیں گے، انتخابات میں میڈیا پر پابندی لگائی گئی، صحافیوں کو ڈرا دھمکا کر کالم لکھوائے گئے، میڈیا کو پولنگ اسٹیشن میں جانے سے روکا گیا، گنتی کے عمل میں پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا۔

مشاہد اللہ نے کہا کہ رات کے دو بجے کہا گیا آرٹی ایس سسٹم خراب ہوگیا، 8 گھنٹے تک آر ٹی ایس سسٹم ٹھیک کام کرتا رہا مگر رات 2 بجے کیا ہوا؟، حسن عسکری 5 سال تک ن لیگ کے خلاف بولتے رہے اور انہیں ہی نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب بنادیا گیا۔

سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ ملک میں دوبارہ صاف اور شفاف الیکشن کرائے جائیں، چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دیں، سینیٹ کا الیکشن زر اور زور سے مسلط کیا گیا، انتخابات کے نام پر سب سے بڑی سلیکشن ہوئی۔
جاوید عباسی نے کہا کہ عام انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی، نادرا نے آر ٹی ایس سسٹم جان بوجھ کر بند کیا، حکومتی رکن اعظم سواتی نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔
Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close