اسلام آباد

ناصر جنجوعہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کی مانیٹرنگ ٹاسک فورس کے سربراہ مقرر

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیکیورٹی کی صورت حال پر غور کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ ٹاسک فورس کے سربراہ مقرر کیا ہے ۔

 اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار،وزیرخزانہ اسحاق ڈار، مشیرخارجہ سرتاج عزیز اور مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ملک میں سلامتی کی صورت حال، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد سے متعلق امور پر تفصیلی غورکیا گیا ۔

اجلاس میں ملک کی اندرونی سلامتی،بارڈر مینجمنٹ کے لیےسول آرمڈ فورسزکے29ونگ بنانے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ ٹاسک فورس کے سربراہ مقرر کیا گیا ہے، کمیٹی میں وفاقی سیکرٹری داخلہ ، ڈی جی نیکٹا ، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز،  داخلہ سیکرٹریز اور آئی جیز بھی شامل ہوں گے، اس کمیٹی کو ملک کی تمام سول و عسکری انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معاونت حاصل ہوگی۔

واضح رہے کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد منعقدہ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمدکا جائزہ لینے کے لئے مانیٹرنگ ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی متعلقہ ایجنسیاں بھی ٹاسک فورس کا حصہ ہوں گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close