اسلام آباد

حکومت ملتے ہی پی ٹی آئی کی مقبولیت کس حد تک گر گئی ؟

اپوزیشن میں رہ کر تندو تیز بیانات سے عوام کی خوشنودی حاصل کی جاسکتی ہے لیکن جب کوئی حکومت میں آتا ہے تو اس کے بیانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ہی عوام خوش ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف جو الیکشن سے پہلے شہرت کی بلندیوں پر تھی اب حکمران جماعت بنتے ہی اپنی پسندیدگی کھوتی جارہی ہے۔
روشن پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے سروے کے مطابق ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی محسوس ہورہی ہے اور یہ 33 فیصد پر آگئی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کو 25 فیصد لوگوں کی پسندیدگی حاصل ہے۔ پاکستان میں پسندیدگی کے حوالے سے تیسرے نمبر پر پیپلز پارٹی ہے جسے15 فیصد لوگ اپنے لیے نجات دہندہ تصور کرتے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں بننے والا مذہبی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے 4 فیصد کے ساتھ چوتھے اور ایم کیو ایم پاکستان 2 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

روشن پاکستان کی جانب سے یہ سروے 21 سے 28 ستمبر کے دوران کیا گیا جس میں 3 ہزار 85 لوگوں نے شرکت کی۔ سروے میں حصہ لینے والے مردوں کی تعداد 59 جبکہ خواتین کی نمائندگی 41 فیصد تھی ۔ سروے میں شریک 33 فیصد لوگ 30 سال سے کم ، 47 فیصد ادھیڑ عمر (30 تا 50 سال) جبکہ 20 فیصد بڑی عمر (50 سال سے زائد)کے افراد تھے۔ سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کے حوالے سے کیے جانے والے سروے میں 62 فیصد وہ لوگ تھے جو پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 19 فیصد سندھ، 14 فیصد خیبر پختونخوا، 4 فیصد بلوچستان اور ایک فیصد اسلام آباد سے تعلق رکھتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close