Featuredاسلام آباد

پانی کے مسئلے پر 40 سال تک مجرمانہ غفلت کی گئی، چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ پانی زندگی ہے اور ہماری بقا کا مسئلہ ہے جس پر 40 سال میں مجرمانہ غفلت کی گئی۔ ملک میں پانی کی قلت اور مسائل سے متعلق عالمی ماہرین کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ‘پانی زندگی کے لیے ضروری ہے، پاکستان شدید آبی بحران کا شکار ہے اور پانی کی قلت دور کرنے کے لیے وسائل پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔’

انہوں نے کہا کہ ‘پانی کے بغیر زندگی کا وجود ناممکن ہے، زرعی ملک کے طور پر پاکستان کے لیے پانی نہایت اہم ہے لیکن پاکستان میں آبی ذخائر تیزی کے ساتھ ختم ہوتے جارہے ہیں، انسان خوراک کے بغیر زندہ رہ سکتا ہے لیکن پانی کے بغیر نہیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘مستقبل میں پاکستان آبی قلت کا شکار ہو سکتا ہے اس لیے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔’

چیف جسٹس نے کہا کہ ‘ملک کے آبی ذخائر میں اضافے کے لیے عدلیہ بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے، ہمارے پاس بڑے ڈیموں کی تعمیر کے لیے سرمایہ نہیں اس لیے بڑے ڈیموں کی تعمیر کے لیے فنڈ قائم کیا جس میں پینشنرز اور بچوں نے بھی پیسے دیئے۔’

انہوں نے کہا کہ ‘دنیا میں درجہ حرارت تیزی کے ساتھ تبدیل ہو رہا ہے، پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے، پانی زندگی ہے اور ہماری بقا کا مسئلہ ہے جس پر 40 سال میں مجرمانہ غفلت کی گئی۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں اپنی قوم کو خشک سالی، قحط اور سیلابوں سے بچانا ہوگا، پاکستان کو قلت آب سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، ابھی وقت ہے کہ ہم اپنی ماضی کی کوتاہیوں پر قابو پالیں، پانی کی فراوانی سے ملک میں زراعت کے شعبے کی ترقی ممکن ہوسکے گی جبکہ پانی کے استعمال میں بھرپور احتیاط اور کفایت شعاری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔’

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close