Featuredاسلام آباد

سول بیوروکریسی حکومت کے راستے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی ایوان میں تقریر کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے خلاف میڈیا ٹرائل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سول بیوروکریسی حکومت کے راستےمیں انتظامی مشکلات کھڑی کر رہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے غیرملکی صحافیوں اور مقامی ٹی وی اینکرز کے وفود سے بات کرتے ہوئے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ان کی حکومت کرپشن کے خلاف مہم کو ہر قیمت میں جاری رکھے گی اور کسی دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے مطابق وزیر اعظم نے صحافیوں کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے کیے جارہے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اسمبلی فلور کو نیب کے ‘میڈیا ٹرائل’ کے لیے استعمال کیا۔

اجلاس میں ہونے والی گفتگو سے آگاہ کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ایک موقع پر شہباز شریف کو ‘جعلی مینڈیلا’ قرار دیا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ سول بیوروکریسی حکومت کے راستے میں انتظامی رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیوروکریٹس کی اکثریت کو مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے تعینات کیا تھا اور ان کی حکومت کو ان سے ‘مکمل تعاون’ نہیں مل رہا ہے تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ صورت حال تبدیل ہوگی اور بیوروکریسی تبدیل ہونے میں کچھ وقت لے گی۔

انہوں نے کہا کہ ‘ملک اگلے 6 سے 8 ماہ میں معاشی طور پر بہتری کی جانب واپس آئے گا’۔

فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم نے صحافیوں کو اجلاس میں بتایا کہ حکومت اگلے ہفتے غربت کے خاتمے اور معاشرے کے پسماندہ طبقے کو مدد فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی پروگرام کا اعلان کرے گی۔

وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کو بہتر بناتے ہوئے خسارے کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری میں بہتری لانے اور قانونی بینکنگ کے راستے سے بیرونی زرمبادلہ لانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close