اسلام آباد

’پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دی جائے‘

اسلام آباد : چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹرقبلہ ایاز نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ وہ مدینہ جیسی فلاحی ریاست کی تشکیل کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دے۔ اسلام آباد میں ریاست مدینہ کا حقیقی تصور کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا مطلب لوگوں کی زندگیاں آسان بنانے کے ساتھ خود احتسابی پرمنحصر ہونا ہے۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز کہنا تھا کہ ملک میں نئی حکومت کا نعرہ ریاست مدینہ کی طرز کے نظام کا دعویٰ ہے، لہٰذا حکومت کو اس دعوے کو پورا کرنے کے لیے ایک ٹاسک فورس بنانی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمومی طور پر رمانویت کا شکار ہوجاتے ہیں، زمینی حقائق رومانویت سے مختلف ہیں، ریاست مدینہ کے تصور میں امرا یا حاکم نہیں بلکہ شہریوں کا معیار بھی بلند ہونا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موجودہ نظام بالکل مختلف ہے، ہمارے یہاں پارلیمانی نظام ہے، جس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ ملک میں احتساب کا نظام غیر موثراور ناقابل اعتماد ہے جبکہ قومی احتساب بیورو(نیب) کی تشکیل غیر مناسب ہے، لہٰذا اس نظام میں تبدیلی ضروری ہے۔

سیمینار سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں نصاب میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے کیونکہ جو چیز ذرائع ابلاغ سکھا رہا یہ مدینہ کی ریاست کا تصور نہیں ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ بہترین معاشرے کی تشکیل کے لیے ایک فورس کا قیام عمل میں لائے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عام انتخابات 2018 میں اپنی جماعت کی واضح برتری پر پہلی مرتبہ قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی حکومت میں پاکستان کو مدینہ کی طرح کی ایک فلاحی ریاست بنائیں گئے، جو ان کا ایک خواب ہے۔

اس کے علاوہ کئی مرتبہ عمران خان اسی بات کا ذکر کرچکے ہیں کہ ان کا مقصد اس ملک کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close