اسلام آباد

’بدعنوانی و غربت سے نمٹنے کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کریں گے‘

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین نے جس طرح غربت اور بدعنوانی پر قابو پایا ہے وہ باعث تقلید ہے اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے چین کے تجربات سے پاکستان کو مدد ملے گی۔

جمعرات کو چین کے 3 روزہ دورے پر روانگی سے قبل اسلام آباد میں چینی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بدعنوانی پاکستان کی سب سے بڑی دشمن ہے اور ہمیں وائٹ کالر جرائم کا پتہ لگانے کے لیے خصوصی صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غربت کا خاتمہ ہمارے منشور کا سب سے اہم حصہ ہے اور عوام کو غربت سے نکالنے کے لیے ہمیں چینی تجربات اپنی پالیسیاں وضع کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے کے لیے اپنی برآمدات بہتر بنانا چاہتا ہے، ہماری برآمدات کا سب سے بڑا حصہ ٹیکسٹائل کے شعبے پر مشتمل ہے اور ہماری تیار کردہ مصنوعات کے لیے چین کی مدد سے عالمی منڈی میں برآمدات کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بھرپور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جنہیں آج تک بروئے کار ہی نہیں لایا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اجتماعی نظریہ ہے اور ہم اس کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھ رہے ہیں جبکہ معیشت کی مجموعی بہتری کے لیے صنعتی زونز سمیت سماجی اور اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری بہت اہم ہے۔

انہوں نے زراعت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان 700 کلومیٹر طویل ساحل کا حامل ملک ہے اور ہماری ماہی پروری کی صنعت کو بہتر بنا کر دنیا میں سمندری خوراک کی برآمدات بڑھائی جاسکتی ہیں۔

رواں ہفتے کے اوائل میں چینی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے آئندہ دنوں میں ہونے والا دورہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کو دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے نئے باب کو شروع کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

چین کے 3 روزہ دورے کے دوران عمران خان چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کرنے کے ساتھ ساتھ شنگھائی میں ہونے والی چین انٹرنیشنل ایکسپو میں بھی شرکت کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close