اسلام آباد

عافیہ کو ضرور واپس آنا چاہیے لیکن فوزیہ کے بیانات تنازع پیدا کر رہے ہیں: فیصل واوڈا

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ امریکا میں قید ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو ضرور واپس آنا چاہیے لیکن فوزیہ صدیقی کے بیانات تنازع پیدا کر رہے ہیں۔ فیصل واوڈا نے یہ بیان نجی ٹی وی کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے دیا۔

دورہ سعودی عرب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے بتایا کہ سعودی عرب نے امدادی پیکج میں کوئی شرائط عائد نہیں کی ہیں۔

پانی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے کہا کہ ڈیم 40 سال پہلے بننے چاہیے تھے لیکن کسی نے بھی اس معاملے پر توجہ نہیں دی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پوری قوم کی خواہش ہے کہ عافیہ صدیقی واپس آئے اور اس معاملے پر تمام جماعتیں حکومت سے تعاون کریں گی۔

تحریک انصاف کے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ نئے پاکستان کے ہاؤسنگ اسکیم میں ساری تحریک انصاف جیل جائے گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر کا اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں بہتری تک عافیہ صدیقی کے معاملے پر پیشرفت نہیں ہو سکتی۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ تین دن سے پارلیمنٹ میں جو ماحول چل رہا ہے وہاں عوامی ایشوز پر کوئی بات نہیں کر سکتا، پارٹی قیادت بھی غلط زبان استعمال کرنے والوں کو تھپکی نہ دیں۔

آسیہ بی بی کی رہائی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ایک جھتا پورے پاکستان کو مذہب کے نام پر بلیک میل کر رہا ہے، موجودہ معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

اس کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ بھرپور کارروائی ہو گی لیکن جمعہ کو ہونے والے معاہدے میں حکومت مکمل سرینڈر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ نہیں تو کم سے کم معاہدے میں یہ تو لکھوا لیتے کہ احتجاج کے دوران دیئے گئے فتوے غلط تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب اگر حکومت اس معاہدے پر عمل کرتی ہے تو دنیا کو بھگتے گی اور اگر اس معاہدے پر عمل نہیں کرتی تو مظاہرین نہیں چھوڑیں گے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مظاہرین سے این آر او والے معاملے پر زرداری صاحب نے 100 فیصد درست بات کی۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ن لیگ کے معاہدے میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور لوگوں کو مارنے والوں کو رہا کیا گیا لیکن ہماری حکومت کا مظاہرین کے ساتھ جو معاہدہ ہوا ہے اس میں کسی توڑ پھوڑ والے کو چھوڑنے کی بات نہیں ہوئی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close