اسلام آباد

بیرسٹر فہد ملک قتل کیس : مرکزی ملزم نعمان کھوکھر کی درخواست ضمانت خارج

اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ میاں محمد سومرو کے بھانجے بیرسٹر فہد ملک کے قتل میں نامزد ملزم نعمان کھوکھر کو درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد کی ماتحت عدالت میں بیرسٹر فہد ملک کے قتل سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے کیس میں نامزد ملزم نعمان یعقوب کھوکھر کو عدالت میں پیش کیا، ملزم کے وکیل نے عدالت کے سامنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ غیر جانبدار ٹرائل اور انصاف ہر انسان کا بنیادی حق ہے، انسداد دہشت گردی کی عدالت آج بند ہے لہذاٰ عدالت 2 دن کا موقع دے تاکہ انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کیاجاسکے۔

عدالت نے ملزم نعمان کھوکھر کی عبوری ضمانت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ملزم کے وکیل کا فیصلے کے خلاف کہنا تھا کہ عدالت اپنا حکم واپس لے کر کیس  دوسری عدالت منتقل کرے۔ جس پرعدالت کا کہنا تھا کہ حکم واپس نہیں لیاجاسکتا۔

درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد پولیس کمرہ عدالت میں ملزم نعمان کھوکھر کو گرفتار کرنے پہنچ گئی تاہم ڈی ایس پی شالیمار کا کہنا تھا کہ عدالت کے باہر سیکیورٹی کے حالات ٹھیک نہیں جس پر عدالت نے ملزم نعمان کھوکھر کے وکیل اور ڈی ایس پی کو اپنے چیمبر میں بلا لیا اور کہا کہ آپ ملزم کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتارکرلیا جائے۔

واضح رہے کہ 15 اگست کو سابق چئیرمین سینٹ محمد میاں سومرو کے بھانجے فہد ملک کو اسلام آباد کے علاقے ایف ٹین میں مبینہ طور پر ملزم نعمان کھوکھر، راجا ارشد اور اس کے 5  ساتھیوں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close