Featuredاسلام آباد

مسٹر ٹرمپ، اپنا ریکارڈ درست کرو، عمران خان کا امریکی صدر کو کرارا جواب

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے امریکی صدر کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو حقائق درست کرنے کی ضرورت ہے، ہمارا نقصان کئی زیادہ ہوا ہے لیکن امداد بہت کم ملی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل بیان دیا تھا کہ واشنگٹن نے اسلام آباد کو بہت کچھ دیا لیکن اس نے بدلے میں کچھ نہیں دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے امریکی صدر کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ستمبر 2001 کے حملے میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا لیکن پھر بھی پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 75 ہزار جانیں قربان کیں اور معیشت کو ایک سو 23 ارب ڈالر کا نقصان بھی ہوا جبکہ امریکی امداد صرف 20 ارب ڈالر تھی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے قبائلی علاقے تباہ ہوئے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ نے پاکستانی عوام کی زندگیوں پر بدترین اثرات مرتب کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان زمینی اور فضائی مواصلاتی راستوں تک مفت رسائی فراہم کرتا رہا، کیا ڈونلڈ ٹرمپ کسی ایسے اتحادی کا نام بتاسکتے ہیں جس نے ایسی قربانیاں دی ہوں؟

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اپنی ناکامیوں پر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کے بجائے امریکا اپنی کارکردگی کا ایک سنجیدہ جائزہ لے کہ آخر کیوں ایک لاکھ 40 ہزار نیٹو افواج، ڈھائی لاکھ افغان فوج اور افغانستان میں جنگ میں ایک کھرب ڈالر خرچ کرنے کے باوجود طالبان پہلے سے زیادہ طاقت ور ہیں۔

خیال رہے کہ نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے امریکی امداد روکے جانے کا دفاع کیا اور کہا کہ پاکستان نے اب تک امریکا کے لیے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وضاحت دی تھی کہ امریکا پاکستان کو سالانہ کی بنیاد پر ایک ارب 30 کروڑ ڈالر امداد دیتا رہا ہے، جو انہیں اب بالکل نہیں دی جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے انٹرویو پر وزیرِ انسانی حقوق اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھی سخت ردِ عمل کا اظہار کیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close