Featuredاسلام آباد

نسلیں کھنگالنے کے بعد بھی میرے خلاف کوئی کرپشن کا ثبوت نہیں، نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے العزیزیہ ریفرنس میں کچھ بھی دفاع پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے دفاع پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں عدالت کو ریکارڈ کروائے گئے بیان میں نوازشریف کا کہنا تھا کہ استغاثہ میرے خلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا، نیب نے کوئی ایسا ثبوت پیش نہیں کیا جس سے ظاہر ہو میں نے العزیزیہ یا ہل میٹل قائم کی اور استغاثہ یہ ثابت کرنے میں بھی ناکام رہا کہ حسن اور حسین نواز میرے زیر کفالت اور بےنامی دار تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کا کہنا تھا کہ میرے خلاف کیس مخالفین کے الزامات اور جے آئی ٹی کی یکطرفہ رپورٹ پر بنائے گئے، جے آئی ٹی رپورٹ میں غلط طریقے سے مجھے العزیزیہ اور ہل میٹل کا مالک ظاہر کیا گیا اور سپریم کورٹ کا بینچ بھی جے آئی ٹی کی رپورٹ سے مکمل مطمئن نہیں تھا۔ نوازشریف نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے معاملہ ٹرائل کورٹ کو بھجوایا گیا تاکہ کوئی شک باقی نہ رہے لیکن واجد ضیاء اور تفتیشی افسر کے علاوہ کسی گواہ نے میرے خلاف بیان نہیں دیا، واجد ضیاء اور تفتیشی افسر نے اعتراف کیا کہ العزیزیہ اور ہل میٹل میری ملکیت ہونے کا دستاویزی ثبوت نہیں جبکہ واجد ضیاء اور تفتیشی افسر کا بیان قابل قبول شہادت نہیں، العزیزیہ اسٹیل مل 2001ء میں میرے مرحوم والد نے قائم کی، 2001ء میں حسین نواز کی عمر 29 سال تھی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ تفتیش کے دوران کسی کاروباری معاملے میں گڑبڑ کے ثبوت نہیں ملے، میرے بیٹے بیرون ملک ان ملکوں کے قوانین کے مطابق کاروبار کر رہے ہیں اور معاشی طور پر خود کفیل ہیں، آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام اس وقت لگایا جاتا ہے جب کرپشن کا ثبوت نہ ملے، سارا معاملہ مفروضوں پر مبنی تھا اور مفروضوں کے ثبوت نہیں ہوتے، کرپشن اور کک بیکس یا کمیشن لینے کا ایک ثبوت نہ دیا گیا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ مجھے پیسے بھجوانا ایک بیٹے کی باپ سے محبت کا ثبوت ہے، ہماری مذہبی اور معاشرتی روایت ہے کہ بچے والدین کی دیکھ بھال کرتے ہیں، حسین نواز نے 2010ء میں پیسے بھیجنا شروع کئے جب بھی میں عوامی عہدے پر نہیں تھا، 2001ء سے 2005ء تک کسی عوامی عہدے پر نہیں رہا، مطمئن ہوں کہ نسلیں کھنگالنے کے بعد بھی کوئی کرپشن کا ثبوت نہیں، شاید ہی پاکستانی تاریخ میں ایسا بےرحمانہ احتساب کسی کا ہوا ہو۔

مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ 2013ء کے مقابلے میں ہر حوالے سے کہیں زیادہ روشن پاکستان دیا، مردم شماری ،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھا، بوری بند لاشوں والے کراچی کو امن دیا، 5 سال میں جو کام کئے اس کی نظیر 70سال میں نہیں ملتی، ملک میں موٹروے کا جال بچھا دیا ہے، اقوام متحدہ میں کشمیر کا مسئلہ اٹھایا، پاکستان کا بیٹا ہوں، اس مٹی کا ذرہ ذرہ مجھے پیارا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close