Featuredاسلام آباد

100 دن عوام پر جو قیامت گزری الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 100 دن عوام پر جو قیامت گزری وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔  ن لیگی کی ترجمان مریم اورنگزیب کا حکومتی 100 روزہ کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ 100 دن کا تہلکہ خیز اور تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن عیاں ہونے لگا ہے اور ان 100 دنوں میں عوام پر جو قیامت گزری وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ 100 دن میں بولا گیا ہر لفظ جھوٹ اور ہر وعدہ تکمیل سے کوسوں دور ہے، ‎حکومت کے 100 دن کی کارکردگی مایوس کُن رہی اور ‎امید کے 100 دن نا امیدی کی داستان بن گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ ‎عمران صاحب، سو دن پر یوٹرن لیتے ہوئے یاد رکھیں قوم سب جان گئی ہے، 100 دن میں 100 تاریخی جھوٹ اور یوٹرن کی قسط سامنے آنے والی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی گالم گلوچ، جھوٹ اور تماشوں کی کارکردگی برقرار رہی اور 100 دن محض سو جھوٹوں کی داستان ہے جس میں  لوگوں کے منہ سے نوالہ چھینا گیا اور عوام پر تاریخی مہنگائی کا بم گرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ناکامیاں چھپانے کیلئے ن لیگ کے پراجیکٹس اپنے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 100 دن میں وزیراعظم کا اونٹ پر بیٹھ کر سعودی عرب جانے کا معجزہ ہوا اور 100 دن میں صرف علیمہ باجی کی چوری اور منی لانڈرنگ پکڑی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اشتہارات کے ذریعے 100 دن کی کارکردگی کا تماشہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، 100 دن میں بنی گالہ میں وزیراعظم عمران صاحب کا سرکاری زمین پر قبضہ برقرار رہا۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ 100 دن میں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر گوگل پر منتقل اور 100 دن میں 55 روپے فی کلو میٹر ہیلی کاپٹر کی سواری ایجاد ہوئی، ‎100 دن عوام سائیکل کی سواری کرنے والے وزیراعظم کو تلاش کرتی رہی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سو دن میں حکمراںوں نے ملکوں ملکوں بھیک مانگ کر قوم کا سر شرم سے جھکا دیا اور وزیراعظم قرض کے سوا کوئی معاشی پالیسی نہ دے سکے۔

فیاض الحسن چوہان کا ردعمل

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر درعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم اورنگزیب بتائیں کیا ن لیگ کی حکومت میں عوام کے لیے مرغ مسّلم ملتا تھا یا دودھ اور شہد کی نہریں بہتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 100 دن پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں کے 50 ہزار دنوں سے بھی بہتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو خوشحالی، کفایت شعاری اور گڈ گورنس کی درست سمت نظر آرہی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close