Featuredاسلام آباد

سعودی عرب نے مزید ایک ارب ڈالر پاکستان کو منتقل کردیئے، اسٹیٹ بینک کی تصدیق

اسلام آباد: سعودی عرب نے مزید ایک ارب ڈالر پاکستان کو منتقل کردیئے، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 8 ارب 26کروڑ ڈالر ہوگئے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق موصول رقم سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر سپورٹ کی دوسری قسط ہے۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ نومبر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول ہونے کی تصدیق کی تھی۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی پیکج کے تحت ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں ملنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس 23 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو 12 ارب ڈالر کا امدادی پیکج دینے پر رضا مند ہوگیا ہے۔

دورے کے دوران پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خزانہ محمد عبداللہ الجدان کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے مطابق سعودی عرب نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر ایک سال کے لیے ڈپازٹ کرے گا جس کا مقصد ادائیگیوں کے توازن کو سہارا دینا ہے۔

اب ان میں سے 2 ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں آچکے ہیں۔

دوسری جانب اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا تھا کہ تاخیر سے ادائیگی کی بنیاد پر سعودی عرب پاکستان کو سالانہ 3 ارب ڈالر مالیت کا تیل دے گا اور یہ سلسلہ 3 سال تک جاری رہے گا جس کے بعد اس پر دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی آئے گی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں استحکام آئے گا۔

خیال رہے کہ موجودہ حکومت کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دور کرنے اور معیشت کی حالت بہتر کرنے کے لیے کوششیں کررہی ہے، اس سلسلے میں حکومت نے چین اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بھی مذاکرات کیے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close