Featuredاسلام آباد

میاں جاوید کی ہتھکڑی لگی تصویر:فواد چوہدری کے بیان پر مریم اورنگزیب کا شدید ردعمل

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر اطلاعات کی جانب سے سرگودھا یونیورسٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) میاں جاوید کی دوران حراست وفات اور موت کے بعد ہتھکڑیاں لگی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے تناظر میں کی گئی ٹوئیٹ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاش پر سیاست فواد چوہدری ہی کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ میاں جاوید کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سرگودھا یونیورسٹی کے غیر قانونی کیمپسز کھولنے کے الزام میں رواں برس اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا، وہ گذشتہ روز کیمپ جیل لاہور میں دوران حراست انتقال کرگئے تھے۔

وفات کے بعد میاں جاوید کی ہتھکڑیاں لگیں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں—۔فوٹو/ سوشل میڈیا

وفات کے بعد میاں جاوید کی ہتھکڑیاں لگیں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس پر عوامی وسیاسی حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

اسی تناظر میں وزیر اطلاعات فواچ چوہدری نے آج صبح ٹوئٹر پر دو پیغامات جاری کیے۔

اپنی پہلی ٹوئیٹ میں وزیر اطلاعات نے کرپشن کے الزام میں گرفتار لیگی رہنماؤں کی رہائش گاہوں کو سب جیل قرار دیئے جانے کے تناظر میں لکھا، ‘اگر آپ طاقتور اور امیر ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں، جمہوریت کے وسیع تر مفاد میں آپ کے وزراء کالونی میں شاندار بنگلے کو جیل قرار دیا جائے گا۔ آپ بنگلے کے سامنے گرین بیلٹ کو سیکیورٹی کے نام پر بنگلے میں شامل کرنے کی سہولت سے بھی استفادہ کریں اور حکومت کا آڈٹ بھی کریں’۔

جبکہ اپنی دوسری ٹوئیٹ میں فواد چوہدری نے مبینہ طور پر وفات کے بعد میاں جاوید کی ہتھکڑی لگی وائرل تصویر کے تناظر میں لکھا، ‘ہاں اگر آپ غریب اور متوسط ہیں تو موت کے بعد روح کو مقید رکھنے کے لیے ہتھکڑی لگے ہی لاش کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا تاکہ لوگ عبرت پکڑیں’۔

وزیر اطلاعات کے اس بیان کے بعد لیگی رہنما اور ترجمان مریم اورنگزیب نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ ‘لاش پر سیاست فواد چوہدری ہی کرسکتے ہیں، جان سے چلے جانے والے سے متعلق ایسا بیان بیمار ذہنیت اور بےحسی کی انتہاء ہے’۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ‘میاں جاوید کے انتقال پر عوامی تنقید سے بچنے کے لیے پھرتی دکھائی جارہی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘نیب کو کسی فرد کے سماجی مرتبے، عزت، بیماری اور جان سے کوئی دلچسپی نہیں’۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے لیے نہ صرف میڈیکل بورڈ کی تجاویز پر مجرمانہ تاخیر برتی گئی بلکہ نیب کی جانب سے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ دینے میں بھی دانستہ تاخیر کی گئی۔

محکمہ جیل خانہ جات کے رویے کو ‘انتہائی قابل افسوس’ اور ‘قابل مذمت’ قرار دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‘کینسر سے شفایاب مریض کے بارے میں یہ رویہ برتا جارہا ہے’۔

ترجمان (ن) لیگ نے مزید کہا کہ ‘احتساب کریں لیکن احتساب کے نام پر انتقامی رویوں کی افسوسناک تاریخ رقم نہ کریں’۔


Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close