اسلام آباد

نئی گاج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس، اسدعمرسپریم کورٹ طلب

سپریم کورٹ نے نئی گاج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس میں اگلی سماعت پر وزیرخزانہ اسدعمرکو طلب کرلیا، مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ بدلنے پر برہم بھی ہوگئے۔
سپریم کورٹ میں نئی گاج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ لگتا ہے وفاقی حکومت نئی گاج ڈیم بنانا ہی نہیں چاہتی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وزیرخزانہ آکر وضاحت دیں کہ ڈیم کی تعمیر کےلئے فنڈز جاری کیوں نہیں کیے، اٹارنی جنرل انہیں اگلی سماعت پر بلالیں وہ نہ آئے تو ہم نوٹس لے کر بلالیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جمعہ کو ایکنگ کے اجلاس کی حتمی تاریخ سے بھی جمعہ کو آگاہ کیا جائے۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے فیصل واوڈا سے شکوہ کیا کہ آپ نے مہمندڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ بدل دی۔ مجھے بتائے بغیر ایسا کیا گیا، مجھے بتانا بھی مناسب نہیں سمجھا۔ اس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے معافی مانگتے ہیں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اگر ہم معاملہ نہ اٹھاتے تو دو سے تین سال مزید لگ جاتے۔ حکومت نے اپنے طور پر ڈیم کی تعمیر کے لیے کچھ نہیں کیا ، عدالت نے ہی ڈیم کی تعمیر کیلئے اقدامات کیے۔ اب وزیراعظم کو جاکر بتادیں کہ اب وہ خود جاکر ڈیم کا افتتاح کریں۔ اس پر وفاقی وزیر نے چیف جسٹس سے کہا کہ آپ کو ضرور شرکت کرنا ہوگی۔ سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close