Featuredاسلام آباد

الیکشن کمیشن دائر درخواست واپس، آصف زرداری کی نااہلی کا کیس سپریم کورٹ لے جائیں گے، تحریک انصاف

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں سابق صدر آصف علی زرداری کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست واپس لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زر داری کی نا ا ہلی کا کیس سپریم کورٹ میں لے جائینگے ۔جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف نااہلی سے متعلق درخواست پرممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سماعت کی۔درخواست گزار خرم شیر زمان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ یہ ریفرنس میری طرف سے ہے،کچھ دنوں سے ہمیں ایسے اورشواہد ملے ہیں ،ہمیں اجازت دی جائے کہ ہم اس کیس کو سپریم کورٹ میں لے کر جائیں،ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں تو ہمیں تحریری طور پر لکھ کر دیں۔

خرم شیر زمان نے کیس واپس لینے کی تحریری درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی،آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی سے متعلق درخواست پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے دائر کر رکھی تھی۔ الیکشن کمیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کیس کو بڑے فورم پر لے جائیں گے،ہمیں کچھ شواہد ملے ہیں جن کے تحت اس کیس کو سپریم کورٹ لے کر جائیں گے اور معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پانامہ کے بعد تاریخ کا سب سے بڑا کیس ہے ،آصف علی زرداری نے جعل سازی کے تحت اثاثے چھپائے اور جو اثاثے چھپائے وہ صادق اور امین نہیں رہتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ ملا ہے ، ہمیں زبردست ثبوت مل گئے ہیں ،ہم نے شواہد کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر تصدیق کرا لی ہے،سب سے بڑا فورم سپریم کورٹ ہے وہاں ہم پٹیشن دائر کریں گے،ہمارا مقصد کیس کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مفاہمت کہیں اور تو ہو سکتی ہے لیکن تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ہو سکتی ،ہم نے پاکستان کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے،سندھ کے لوگ تیار ہو جائیں ،آصف علی زرداری کی نشست خالی ہونے والی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close