Featuredاسلام آباد

مہمند ڈیم کی تعمیر بہت خوش آئند ہے لیکن اس کا ٹھیکا بہت بڑا سوال بن گیا ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: پارلیمنٹ میں قائدِحزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مہمند ڈیم کی تعمیر بہت خوش آئند ہے لیکن اس کا ٹھیکا بہت بڑا سوال بن گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو اس وقت ملک میں20 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، ہماری حکومت نے جنگی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیا، انتہائی شفاف طریقے سے 3600 میگاواٹ کے تین بجلی گھر لگائے گئے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آبی ذخائربناناوقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ڈیم انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، نوازشریف نے مہمند ڈیم کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے، دیامیر بھاشا ڈیم کے لیے زمین ہماری حکومت میں 100 ارب روپے کی خریدی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر بہت خوش آئند ہے، لیکن مہمند ڈیم کا ٹھیکا بہت بڑا سوال بن گیا ہے، مہمند ڈیم کا ٹھیکا دینے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی حکومت میں کیا گیا، مئی 2015 میں رائے تھی کہ وقت بچانےکے لیے براہ راست کنٹریکٹس ایوارڈ کرنے چاہئیں، لیکن وزیراعظم نے اس تجویزپر ایمرجنسی شق پر عمل نہیں کیا، ایسی کیا قیامت آگئی تھی کہ دوسری بولی کو مسترد کردیا گیا۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ بجلی کا بحران دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، سرکلر ڈیٹ بھی اژدھا بن کر سامنے آ رہا ہے،  پورے ملک میں مہنگائی کی شدید لہر ہے، غریب آدمی کی حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، ادویات کی قیمتوں میں 9 سے15 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جس سے علاج بھی ناممکن بنادیا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close