اسلام آباد

بھارت دفاعی بجٹ میں سالانہ اتنا اضافہ کررہا ہے جتنا ہمارا مکمل سالانہ دفاعی بجٹ ہے، احسن اقبال

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت اپنے دفاعی بجٹ میں سالانہ بنیادوں پر اتنا اضافہ کررہا ہے جتنا ہمارا مکمل سالانہ دفاعی بجٹ ہے، حکومت نے معیشت کو بریکیں لگا دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بھارت اپنے دفاعی بجٹ میں سالانہ بنیادوں پر اتنا اضافہ کررہاہے جتنا ہمارا سالانہ مکمل دفاعی بجٹ ہے ، حکومت نے معیشت کو بریکیں لگا دی ہیں، حکومت 5.8گروتھ سے معیشت کو 4 فیصد گروتھ پر لے آئی ہے ، حکومت کو سات ماہ گزر گئے ہیں لیکن پاکستان کے عوام پوچھتے ہیں کہ ہم کوتو جنت سو دن میں ملنی تھی لیکن سو دن کی بجائے دوسو دن گزر گئے لیکن پاکستان کے عوام کو مہنگائی کا جہنم ملا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کیا تھا اور پاکستان کے کسی شہری سے بھیک نہیں مانگی اور گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرکے دی اور توانائی کا بحران ختم کیا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تو ہمارے بنائے گئے منصوبوں کوکھول نہیں سکی اور شروع کئے گئے منصوبوں کو مکمل نہیں کرسکی ، ایسے ملک میں سرمایہ کاری کون کرے گا ، وزیر اعظم دنیا بھر میں جاکر پاکستان کو منی لانڈرر اور بدعنوان ملک قرار دیتے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری صنعتی انڈسٹری میں بڑھنے کی بجائے کمی واقع ہورہی ہے ، کھاد کی قیمت میں اضافے نے کسانوں پر بوجھ ڈالاہے جس کی وجہ سے کسانوں نے کھاد کا استعمال کم کیا ، نئے پاکستان میں ڈی اے پی کی کھاد کی بوری 4ہزار روپے کی ہوگئی ہے جو پرانے پاکستان میں 24سوروپے کی ملتی تھی ، ہمارے ترقیاتی بجٹ میں ساڑھے 24فیصد کی کمی واقعہ ہوئی ، پچھلے سال 440ارب روپے ریلیز ہوئے لیکن اس سال اسی مد میں 302ارب روپے ریلیز ہوئے ہیں، پچھلے سال جو روپیہ ریلیز ہوا ، اس سال اس کا صرف 27فیصد روپیہ ریلیز کیا گیا ہے ۔ان کا کہناتھا کہ اس حکومت نے تو بھینسیں بھی بیچ دی تھیں اور شاہانہ اخراجات ختم کردیئے تھے اس کے باوجود حکومتی اخراجات میں اضافہ ہوا ہے ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close