اسلام آباد

اسلام آباد پولیس کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

اسلام آباد : پولیس کی فائرنگ سے 22 سالہ نوجوان موقع پر جاں بحق، 5 اہلکار زیر حراست

رات گئے اسلام آباد کے سی ٹی ایف اہلکاروں کی جانب سے جی ٹین میں سیکٹر جی 13 کے رہائشی نوجوان پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی گئی، جس سے 22 سالہ اسامہ ندیم ستی جاں بحق ہوگیا۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ اسامہ دوست کو گھر چھوڑ کر واپس آ رہا تھا۔ پولیس نے گاڑی روکنے کی کوشش ہی نہ کی، بلکہ براہ راست فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کو رات کو کال ملی کہ گاڑی میں سوار ڈاکو شمس کالونی کے علاقہ میں ڈکیتی کی کوشش کررہے ہیں۔ علاقے میں گشت پر مامور اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا۔ پولیس نے کالے شیشوں والی مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی۔

پولیس نے متعدد بار جی ٹین تک گاڑی کا تعاقب کیا نہ رکنے پر گاڑی کے ٹائروں میں فائر کئے۔ بدقسمتی سے دو فائر گاڑی کے ڈرائیور کو لگ گئے، جس سے 22 سالہ اسامہ کی موت واقع ہوگئی۔

آئی جی اسلام آباد نے وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرنگرانی ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں ایس پی صدر اور ایس پی انوسٹیگیشن پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

پولیس ٹیموں کو وقوعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا۔ وقوعہ کی فوری حقائق پر مبنی تحقیقات کرکے اصل حقائق سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ پولیس نے واقعے میں ملوث 5 اہلکاروں کی حراست میں لے لیا ہے۔

اسامہ ندیم ستی کا جنازہ جی 13 سگنل کشمیر ہائی وے پر ادا کیا گیا، میت کو ایچ 11 قبرستان میں دفن کیا گا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مطالبات پورے ہوگئے تو احتجاج نہیں کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close