اسلام آباد

پاکستان کا فلسطین سے اسرائیلی آبادی کے انخلا کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں مسئلہ فلسطین حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا، فلسطین سے اسرائیلی آبادی کے انخلا کی حمایت کرتے ہیں۔ فلسطینی صدر نے حمایت پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر فلسطینی صدر کو سلامی دی۔

تفصیلات کے مطابق فلسطینی  صدر محمود عباس اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کا قیام چاہتا ہے جس کا دارالخلافہ القدس الشریف ہو۔ انہوں نے کہا پاکستان نے عالمی فورمز پر ہمیشہ فلسطینی مؤقف کی حمایت کی ہے۔

دونوں رہنمائوں کے درمیان وفود کی سطح پربھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

یاد رہے کہ فلسطینی صدر کے فروری دوہزار تیرہ کے پاکستان کے دورے میں دونوں ملکوں نے وزرائے خارجہ پر مشتمل مشترکہ کمیشن کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔ کمیشن کے قیام کا مقصد دونوں ملکوں میں اقتصادی، زرعی ، بینکنگ اور سماجی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا تھا۔ فلسطینی صدر اس سے پہلے 2005 اور 2010میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ یہ ان کا چوتھا دورہ پاکستان ہے۔

اس سے پہلے فلسطینی صدر محمود عباس باضابطہ استقبالیہ تقریب میں شرکت کیلئے وزیراعظم ہاؤس پہنچے تووزیراعظم نوا زشریف نے مرکزی دروازے پر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم انہیں سلامی کے چبوترے تک لے کر گئے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ فلسطینی صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close