اسلام آباد

سابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ بذریعہ اشتہار عدالت طلب

 اسلام آباد : احتساب عدالت نے کرپشن کے ریفرنس میں سابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کو بذریعہ اشتہار طلب کر لیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اصغر علی نےبینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے ریفرنس میں فرزانہ راجہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا۔

عدالت نے فرزانہ راجہ کی عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی جبکہ شریک ملزم راجہ عبد المناف کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کر دیئے۔

عدالت نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ریفرنس آیا ہے فرزانہ راجہ ایک بار بھی پیش نہیں ہوئیں۔

فاضل جج نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ وہ بیرونِ ملک بیٹھی رہیں اور ہم استثنیٰ دیتے رہیں، حاضری سے استثنیٰ لینے کیلئے بھی ایک بار عدالت آنا ضروری تھا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فرزانہ راجہ کو بذریعہ اشتہار 1 ماہ کے اندر عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ 24 مئی تک فرزانہ راجہ پیش ہوں ورنہ وہ اشتہاری قرار پائیں گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close