اسلام آباد

آصف زرداری کے امیدوار کی میرے حلقے میں ضمانت ضبط ہوجائے گی، چوہدری نثار

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ چکری میرا آبائی گاؤں ہے اس میں آصف زرداری جلسہ کریں تو انہیں خوش آمدید کہوں گا لیکن یہ بھی ضمانت دیتا ہوں کہ میرے حلقے میں ان کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوجائے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ گستاخانہ مواد کے معاملے پر سنجیدگی سے اقدامات اٹھائے ہیں جس کے لیے اسلامی ممالک کے سفیروں کا اجلاس بلایا اورتمام سفیروں نے اس اقدامات کوسراہا جب کہ فیس بک انتظامیہ نے بھی مثبت جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توہین آمیزمواد سے متعلق گزشتہ چند دنوں میں کئی ویب سائٹس بند کی ہیں، یہ ذمے داری میری نہیں پی ٹی اے کی تھی۔

چوہدری نثار نے کہا کہ گستاخانہ مواد کے معاملے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نےعرب لیگ کوخط لکھا اور امریکا میں پاکستانی سفیر اعزازچوہدری کو امریکی حکومت کوتحفظات پہنچانے کا کہا جب کہ او آئی سی کو بھی گستاخانہ مواد کے معاملے پر خط لکھا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر اقوام متحدہ کی سطح پرپیشرفت ہو۔ انہوں نے کہا کہ توہین آمیز مواد پاکستان کا نہیں عالم اسلام کا مسئلہ ہے، اس مسئلے کا مستقل حل نکالیں گے کیوں کہ ہمیں ایمان سے زیادہ عزیز کوئی چیز نہیں، اورناموس رسالت کے احساس کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوتا۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کے چکری میں جلسے سے متعلق سوال پر چوہدری نثار نے کہا کہ چکری میرا آبائی گاؤں ہے، آصف زرداری جلسہ کریں انہیں خوش آمدید کہوں گا، چکری میں آصف زرداری کو سیکیورٹی بھی فراہم کریں گے اور اگر آصف زرداری آنا چاہیں تو اپنے گھر چائے بھی پلاؤں گا لیکن اس بات کی بھی ضمانت دیتا ہوں کہ الیکشن میں اپنے حلقے سے ان کے امیدوار کی ضمانت ضبط کرادوں گا۔

شرجیل میمن کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک شخص 2 سال چھپا رہا جب آیا تو کہا کہ سب چوہدری نثار کا کیا دھرا ہے، پیپلزپارٹی کے رہنما کو چاہیے کہ  مجھ پرتنقید کرنے کے بجائے اپنی 5 ارب کی کرپشن کا جواب دیں، میری پیپلزپارٹی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، پیپلزپارٹی کو میرے خلاف کچھ نہیں ملتا تو ذاتیات پراترآتے ہیں۔

غیرملکیوں کے بغیر ویزہ کے پاکستان آنے سے متعلق چوہدری نثار نے کہا کہ میں نے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ غیرملکی بغیر کسی چیکنگ ملک میں آتے ہیں کیوں کہ اسلام آباد، لاہور، گوادر اور دیگر علاقوں سے بغیر دستاویزات کے آنے والے  لوگ پکڑے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکیوں کو ایئرپورٹ پر ویزا مل جاتا تھا یا جعلی کاغذات سے آتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، اب اگر کوئی غیرملکی بغیر دستاویزات آئے تو اسے اُسی پرواز سے واپس بھیج دیا جاتا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بطوراپوزیشن لیڈر پہلے بھی ان خدشات کا اظہارکرچکا ہوں، میں نے بلیک واٹر سے متعلق بات کی تو اس وقت کے وزیرداخلہ نے جواب نہیں دیا، میں نے خدشہ ظاہر کیا اسلام آباد میں 300 سے 400 گھر مشکوک ہیں لیکن مجھ پر دائیں بائیں سے بہت دباؤ آیا پر میں نے ویزوں پر پالیسی تبدیلی نہیں کی۔

چوہدری نثار نے کہا کہ ویزوں کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اور ویزوں سے متعلق آن لائن سسٹم بنایا جارہا ہے، ویزوں کے لیے آن لائن سسٹم کی وزیراعظم نے منظوری دے دی ہے اور جوبھی ویزے کے لیے درخواست دے گا اس کا ریکارڈ رکھا جائے گا جب کہ نادرا کو  بھی ویزوں کے اجرا کے لیے ڈیٹا بینک تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، اب کسی کوجرات نہیں کہ غیرملکیوں سے جہاز بھر کر پاکستان لے آئے، صرف آزاد کشمیرکی خواتین اور شیر خوار بچوں کو ہی بغیردستاویزات آنے کی اجازت دی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close