اسلام آباد

ملک میں وزیرخارجہ ہوتا تو اسمبلی میں راحیل شریف کی تعیناتی پر بحث ہوتی، شیخ رشید

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے کہ 2 میں فیل ہوگئے، 3 میں سپلی آگئی اور کہا جاتا ہے کہ پپو پاس ہوگیا، میں عمران خان کا ساتھی ہوں اور یہ ہی آخری امید ہیں، گھی سیدھی انگلی سے نہ نکلا تو خان صاحب کی قیادت میں ٹیڑھی انگلی سے نکالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید کا تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج ملک میں وزیرخارجہ ہوتا تو اسمبلی میں جنرل راحیل شریف کی تعیناتی پر بحث ہوتی جبکہ طارق فاطمی، پرویز رشید اور راو تحسین کو بھی قربانی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ پانامہ کیس کی سماعت کے دوران دو ججوں نے کہا کہ وزیراعظم صادق اور امین نہیں جبکہ تین نے کہا کہ انہیں 60 دن کا وقت دیا جائے، پانچ ججوں نے کہا کہ قطری خط فراڈ ہے، کاغذات فضول ہیں، پیسہ کہاں گیا؟، یہی نہیں ججوں نے فیصلے میں میرے متعلق بہت اچھے جملے استعمال کیے حالانکہ میں ایک چھوٹا سا وکیل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی وکلا کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ 6 مئی کو سڑکوں پر نکلیں اور پورا پاکستان ان کا تاریخی استقبال کرے گا۔ وکلا بھی جانتے ہیں کہ عوام واقعی تبدیلی چاہتے ہیں اور قوم نے عمران خان سے امید لگائی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ریاض پیرزادہ نے چوروں کو بےنقاب کیا اور بھی لوگ بےنقاب ہوں گے، میں نواز شریف سے سوال کرتا ہوں کہ کہاں گئی نندی پور کی بجلی اور بھاشا ڈیم؟۔ میں زندگی کے اس موڑ پر نظام سے علم بغاوت کرنا چاہتا ہوں، مرنا چاہتا ہوں یا مارنا چاہتا ہوں۔اگر گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلا تو کوئی بات نہیں میں خان صاحب کی قیاد ت میں ٹیڑھی انگلی سے نکال کر دکھاوں گا، اس وقت ساری قوم کا ایک ہی نعرہ ہے کہ ”گو نواز گو“۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close