اسلام آباد

پی آئی اے کو مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، مشیر ہوا بازی

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور ہوا بازی سردار مہتاب عباسی نے لندن ائیرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کو مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہتاب عباسی کا کہنا تھا کہ ہیتھرو ائیرپورٹ پر پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، اس واقعے سے ملک کی بڑی بدنامی ہوئی لیکن وہ ماضی کی طرح کسی معاملے پر مٹی نہیں ڈالیں گے بلکہ اس کی پوری تحقیق ہوگی کیونکہ ہم اپنی ایئرلائن پر ایسا الزام برداشت نہیں کرسکتے، ہم نے اپنے طور پر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے اور اس معاملے پر اعلیٰ سطح کی میٹنگ بھی بلائی ہے، قومی ایئرلائن کو اپنے مذموم مقاصد کےلیے استعمال کرنے والے جرائم پیشہ افراد کو نہیں چھوڑیں گے۔ مشیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاع کے مطابق ابھی تک عملے کو پاسپورٹ نہیں ملے، برطانیہ کے کسی ادارے نے ابھی تک حکومت پاکستان کے کسی ادارے کو کوئی اطلاع نہیں دی جب کہ طیارے سے منشیات برآمدگی سے متعلق ابھی آگاہ نہیں کیا گیا۔ اب تک صرف میڈیا کے ذریعے ہی واقعے اور اس میں ہونے والی پیش رفت کی معلومات ملی ہیں۔
مہتاب عباسی کا کہنا تھا کہ برطانوی بارڈر سیکیورٹی نے 8 گھنٹے تک جہاز کے عملے سے تحقیقات کی، ہم ہر صورت برطانیہ سے معلومات کا تبادلہ چاہتے ہیں۔ اس لئے ہم نے برطانوی ایجنسیوں کو مشترکہ تحقیقات کی دعوت دے دی ہے اور پاکستانی ہائی کمیشن کو اس معاملے پر برطانوی حکام سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close