اسلام آباد

پاک فوج کی پوسٹ تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد

راولپنڈی: بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاک فوج کی پوسٹ کو تباہ کرنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان آرمی کا کہنا تھا کہ بھارتی دعوے غلط ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر پاکستانی پوسٹ کو تباہ کرنے کے دعوے غلط ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کا دوسرا دعویٰ کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر شہری علاقوں پر فائرنگ کی ہے یہ بھی غلط ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے ہندوستانی فورسز کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ متنازع جموں و کشمیر کے علاقے میں لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی جانب سے فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے بھارتی فورسز نے راجوری کے مقام پر پاکستانی پوسٹ تباہ کردی ہے۔ بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ یہ پوسٹ راجوری میں ناؤشیرا کے مقام پر قائم تھی۔ بھارتی فورسز کے دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران میجر جنرل اشوک نارولا کا کہنا تھا کہ گرم موسم کے باعث وادی میں برف پگل رہی ہے جس نے پاکستانی علاقوں سے سرحد پار مداخلت کا امکان بڑھا دیا ہے جبکہ بھارتی فورسز ان حملوں کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایل او سی پر فوری غلبے کے حصول اور مداخلت کو روکنے کیلئے انسداد دہشت گردی آپریشن کے منصوبے کا حصہ ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا کہ گذشتہ ہفتے بھارتی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک گروپ کو اس وقت روکا تھا جب وہ سرحد پار کرنے کی کوشش کررہے تھے، 24 گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ کے دوران 7 افراد ہلاک ہوئے جن میں 3 اہلکار بھی شامل تھے۔ دوسری جانب پاک فوج نے تیرہ مئی کو ایل او سی پر تباہ کی گئیں بھارتی چیک پوسٹوں کی فوٹیج جاری کردی ہے۔ میڈیا کو جاری کی گئی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں ایل او سی کے علاقے نوشیرہ سیکٹر پرپر کئی بھارتی چیک پوسٹیں زمین بوس ہوگئیں۔ پاک فوج کے مطابق، بھارتی چک پوسٹیں تیرہ مئی کو تباہ کی گئیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close