اسلام آباد

اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے کسانوں پرپولیس کی شیلنگ، متعدد افراد گرفتار

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں پرپولیس کی شیلنگ کے بعد ڈی چوک میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ پاکستان ویوز کے مطابق اسلام آباد میں ڈی چوک پرکسانوں کی جانب سے بجٹ میں مراعات کے مطالبے کے لیے احتجاج کیا جارہا تھا، ان کا کہنا تھا کہ باردانے کے معاملے پرہمیں پٹواریوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جنہیں کاشتکاری کے بارے میں کچھ علم نہیں وہ کسانوں کے لیے پالیسیاں بنارہے ہیں، بجٹ میں کسانوں کے لیے تجاویزتو پیش کردی جاتی ہیں مگران پرعمل نہیں ہوتا، ، ہم محنت کرکے فصلیں تیار کرتے ہیں لیکن اس کا کوئی منافع نہیں ملتا۔ اسحاق ڈارہمیں مارنا چاہتے ہیں تو سڑکوں پر ماردیں لیکن کسان دشمن بجٹ ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔

کسان اتحاد کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ تمام اقسام کی کھادوں کی ان پٹ اورآؤٹ پٹ سے جی ایس ٹی ختم، زرعی بجلی کا دن رات کے لئے بجلی کا ٹیرف چارروپے فی یونٹ مقرر، زرعی بجلی کے بقایاجات معاف اورزرعی مشینری سے تمام ٹیکس ختم کئے جائیں۔  ایک موقع پر کسانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے خورشید شاہ بھی مظاہرے میں شریک ہوئے لیکن وہ اپنی حمایت کی یقین دہانی کے بعد واپس چلے گئے۔

احتجاج کے دوران صورت حال اس وقت خراب ہوئی جب پولیس نے کسانوں پردھاوا بول دیا۔ مظاہرین کومنتشرکرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اورپانی کی توپ کا استعمال کیا، جس پرکسانوں نے بھی ہتھراؤ شروع کردیا ، مظاہرین کے بھرپورجواب پر پولیس اہلکار اپنی گاڑیاں چھوڑ کرپیچھے ہٹ گئے۔ اسسٹنٹ کمشنرکی ہدایات کے باوجود پولیس اہلکارآگے بڑھنے سے گریزاں دیکھے گئے۔ پولیس نے کئی کسانوں کوگرفتارکرکے تھانے منتقل کردیا ہے جب کہ ٹریفک بھی بحال ہوگیا ہے۔ مظاہرین کو منتشرکرنے کے بعد ریڈ زون کے گرد پولیس اورایف سی کا گشت بڑھا دیا گیا جب کہ ریڈ زون اورشہر کی اہم چوراہوں پر پولیس اور ایف سی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کسانوں پرحکومتی تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی نظرمیں کسانوں، مزدوروں اورمحنت کشوں کی کوئی اہمیت نہیں، اپنے حقوق کیلیے سڑکوں پرنکلنے والے کسانوں پرتشدد آمرانہ سوچ کا مظہرہے، حکومت طاقت آزمانے کے بجائے کسانوں کو ان کے حقوق دے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان اپنا حق مانگ رہے ہیں، رعایت نہیں، انہیں انتہائی قدم اٹھانے پرمجبورنہ کیا جائے، سبسڈی دینے سے ملک خوراک میں خود کفیل ہوگا، انہوں نے پیپلز پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں پرتشدد کے خلاف پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close