اسلام آباد

اپوزیشن کا حکومتی رویے کے خلاف عوامی اسمبلی لگانے کا اعلان

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ اجلاس کے دوران حکومتی رویے کے خلاف عوامی اسمبلی لگانے کا اعلان کردیا ہے۔قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی تقاریربراہ راست نشرنہ کرنے کے خلاف اپوزیشن ارکان نے اجلاس کا واک آؤٹ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے دوران حکومت کے اعداد وشمار اورکٹوتیوں پراپوزیشن حقائق سامنے لاتی ہے، اسپیکر نے یقین دہانی کروائی تھی پھر بھی اپوزیشن کو براہ راست نشر نہیں کیا گیا ، ان کی کوشش ہے کہ جے آئی ٹی سے بچ جائیں پارلیمنٹ کو بعد میں دیکھ لیں گے، پارلیمنٹ کی تاریخ میں کبھی یہ نہیں ہوا کہ بجٹ سیشن پر حکومت ہی بات شروع کرے لیکن کل ایسا ہوا، اس لیے کل پارلیمنٹ کے باہرعوامی بجٹ پیش کریں گے اورہر پارٹی کا لیڈر یہاں عوامی بجٹ پر بات کرے گا۔
قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کسان اسلام آباد کا رخ کرتے ہیں تو ان پر لاٹھی چارج کیا جاتا ہے، حکمران آئی ایم ایف کے چنگل سے نہیں نکل رہے، ہم بجٹ میں خرابیوں کی نشاندہی کرنا چاہتے ہیں لیکن اجازت نہیں دی جا رہی، اب حکومت اسپیکر پر دباؤ بڑھا رہی ہے اوراسپیکرقومی اسمبلی اس سارے معاملے پر بے بس نظر آ رہے ہیں، کل پوری اپوزیشن خورشید شاہ کی قیادت میں بجٹ پر بحث کرے گی۔ تمام اپوزیشن ارکان سے گزارش ہے کہ عوامی اسمبلی میں شرکت کریں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما شیخ صلاح الدین نے کہا کہ جمہوری روایت کو توڑا جا رہا ہے اور آمریت قائم ہوگئی ہے، اپوزیشن کا مطالبہ جائز ہے، اسپیکر کو چاہیے اپنا کردار ادا کریں، جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ حکومت نے اپنے پاوٴں پر خود کلہاڑی ماری، آخری بجٹ میں حکومت نے اچھا اقدام نہیں کیا، حکومت نے اپوزیشن کو مجبور کیا کہ عوامی پارلیمنٹ لگائیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close