کشمیر

مقبوضہ کشمیر، جمعۃ الوداع کو یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان

سرینگر: مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے جمعۃ الوداع کو حسب سابق امسال بھی یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس روز کشمیر کی تمام مساجد، خانقاہوں اور امام باڑوں میں قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے حق میں اور فلسطینی عوام پر ہو رہے مظالم اور کشمیری عوام کے تئیں بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا جائے گا۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں مزاحمتی قائدین نے کہا کہ اس ضمن میں مشترکہ قیادت کی جانب سے ایک قرارداد تمام اجتماعات میں عوام کی تائید و حمایت کے لئے پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام جہاں گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے جائز حق کے حصول کے لئے برسر جدوجہد ہیں وہیں کشمیری عوام بھی تحریک حق خودارادیت میں گزشتہ سات دہائیوں سے بے پناہ جانی و مالی قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے ان دونوں سلگتے مسائل کے حل کے تئیں عالمی برادری کی بے حسی کو حد درجہ افوسناک قرار دیا۔ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین میں بڑی حد تک مماثلت ہے اور مسئلہ فلسطین جہاں پورے مشرق وسطیٰ کے امن کے لئے خطرات کا باعث بنا ہوا ہے، وہیں مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیائی خطے کے دائمی امن اور استحکام کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے اور دونوں خطوں کے عوام کو جارح قوتوں کے مظالم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، روزانہ انسانی خون بہہ رہا ہے حقوق انسانی کی پامالیاں عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان دونوں انسانی مسئلوں کے حل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close